بچوں کی ہیلتھ سکریننگ پر ابتدائی عمر سے کام کی ترجیحی ضرورت ہے۔ رانا سکندر حیات

ہفتہ 15 اگست 2026 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2026ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ انکلوسو ایجوکیشن کا موضوع موجودہ دور میں نہایت اہمیت اختیار کر چکا ہے جس کی بڑھتی ہوئی ضرورت پر قابو پانے کیلئے ارلی آئیڈینٹیٹی مہم چلانے کی ضرورت ہے، وزیر اعلی کا ہمت کارڈ سپیشل افراد کا ہاتھ پکڑ کر انہیں ترقی کے زینے پر گامزن کرنے کا نام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس میں منعقدہ سیمینار اور پینل ڈسکشن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور فار آل کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے گفتگو کرتے انہوں نے دیہی علاقوں میں انکلوسو ایجوکیشن کے حوالے سے بات کرنے اور آگاہی پیدا کرنے اور بحیثیت معاشرہ سپیشل بچوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ باصلاحیت بچے ہیں، ان پر صرف فخر کرتے ہوئے ان کا ہر ممکن ساتھ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ سپیشل بچوں سمیت ہر بچے کی ہیلتھ سکریننگ پر بھی بروقت کام کرنا چاہیے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ تعلیمی اداروں سمیت ہر ادارے کو انکلوسو سنٹرز بنانا چاہئیں ، اس حوالے سے محکمہ تعلیم مختلف تجاویز پر کام کر رہا ہے۔ وزیر تعلیم نے انکلوسو ایجوکیشن کیلئے خصوصی پالیسیاں یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انکلوسو سوسائٹی بنانا ہماری سماجی ذمہ داری ہے۔ لاہور فار آل میں مختلف صلاحیتوں کے حامل خصوصی افراد نے اپنی اپنی زندگی کے نشیب و فراز سے آگاہ کیا اور قانون سازی کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دو روزہ لاہور فار آل کے دوسرے روز انکلوسو کھیلوں کی مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔