ملتان، یومِ پاکستان پر امن مشاعرہ، محبت اور بھائی چارے کا پیغام

ہفتہ 15 اگست 2026 20:02

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2026ء) ملتان میں کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی و بین الکلیسائی مکالمہ پاکستان کے زیرِ اہتمام یومِ پاکستان کے موقع پر امن مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں جنوبی پنجاب کے معروف شعراء، مذہبی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت چیئرمین کیتھولک کمیشن و بشپ آف ملتان بشپ یوسف سوہن نے کی، جبکہ فادر ڈینیئل تاج، نیشنل ڈائریکٹر سیموئیل کلیمنٹ، علامہ ابوبکر عثمان الازہری، علامہ سید مجاہد عباس گردیزی، رضی الدین رضی، جاوید یاد، صابر انصاری، نوشین فاطمہ، ارشد ذکی، ظہیر بھٹی، تحسین غنی اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

مشاعرے کی نشست کی صدارت معروف شاعر رضی الدین رضی نے کی، شعراء نے اپنا کلام پیش کرتے ہوئے امن، محبت، رواداری اور قومی یکجہتی کے جذبات اجاگر کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بشپ یوسف سوہن نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابلِ فخر ہے، یہ وطن ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ادبی تقریبات معاشرے میں برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔سیموئیل کلیمنٹ نے کہا کہ امن، رواداری اور بھائی چارہ ملک کی ترقی کی بنیادی ضرورت ہیں۔ امن مشاعرے کا مقصد تمام مذاہب اور طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔ شرکاء نے محبت، امن اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔