سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیراہتمام پاکستان ویمن لیڈرز مینٹورشپ پروگرام کی تعارفی نشست کا انعقاد

منگل 18 اگست 2026 17:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2026ء) سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کے زیراہتمام پاکستان ویمن لیڈرز مینٹورشپ پروگرام کی ضلعی سطح کی تعارفی نشست اسلام آباد میں منعقد ہوئی ،جس کا مقصد مختلف سیاسی، پیشہ ورانہ، میڈیا، کاروباری، سول سوسائٹی اور قانونی شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو آئندہ کے مینٹورشپ پروگرام اور اس کے مراحل سے آگاہ کرنا ہے۔

یہ نشست ایس ایس ڈی او کے اسلام آباد میں قائم ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، یہ پروگرام گزشتہ ماہ پاکستان ویمن لیڈرز مینٹورشپ پروگرام کے آغاز کے بعد منعقد کیا گیا۔اس اقدام کی مالی معاونت یورپی یونین کر رہی ہے جبکہ اسے یو این ویمن پاکستان اور ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکائونٹیبلٹی (ٹی ڈی ای اے) مشترکہ طور پر نافذ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں ایس ایس ڈی او سمیت مختلف شراکت دار بھی اس پروگرام کے نفاذ میں شامل ہیں۔

تعارفی نشست میں شرکا کو مینٹورشپ پروگرام اور اس کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا گیا بالخصوص خواتین کی قائدانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، پیشہ ورانہ اور سیاسی روابط کو وسعت دینے اور خواتین کے لیے عوامی و سیاسی زندگی میں زیادہ موثر کردار ادا کرنے کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔پروگرام میں مختلف شعبوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اکٹھا کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستان میں خواتین کی آئندہ نسل کی قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ میں معاونت کرنا ہے۔

منتظمین نے کہا کہ یہ اقدام ایسے جامع مواقع پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا جہاں خواتین اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں، بامعنی روابط قائم کر سکیں اور فیصلہ سازی و عوامی امور میں زیادہ موثر کردار ادا کر سکیں۔پاکستان ویمن لیڈرز مینٹورشپ پروگرام کے لیے درخواستیں تاحال جاری ہیں۔ دلچسپی رکھنے والی خواتین 28 اگست 2026ء تک پروگرام پورٹل pakwlp.tdea.pk کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتی ہیں۔