خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کی محدود عوامی سرگرمیوں پر بحث چھِڑ گئی

ٹرمپ رواں سال اب تک صرف 38 دن عوامی سطح پر نظر آئی ہیں،رپورٹ

منگل 18 اگست 2026 23:25

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے دوران خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کی محدود عوامی سرگرمیوں نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔میلانیا ٹرمپ رواں سال اب تک صرف 38 دن عوامی سطح پر نظر آئی ہیں، ان کی آخری عوامی شرکت 19 جولائی کو نیو جرسی میں فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ہوئی تھی۔سابق ماڈل و خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے ایسی متعدد اہم تقریبات میں شرکت نہیں کی جن میں عام طور پر امریکی خاتونِ اول کی شرکت متوقع ہوتی ہے، ان تقریبات میں سینیٹر لنزے گراہم کی آخری رسومات، وائٹ ہاس کورسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کی نئی طرز پر منعقد ہونے والی تقریب اور 22 جولائی کو امریکی فوج کے ہلاک اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی تقریب شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت کے اسی عرصے کے مقابلے میں میلانیا ٹرمپ نے تقریبا نصف تعداد میں عوامی تقریبات میں شرکت کی ہے۔میلانیا ٹرمپ کے سوانح نگاروں اور میڈیا مبصرین کا کہنا تھاکہ وہ عمومی طور پر زیادہ میل جول رکھنے والی شخصیت نہیں اور اپنی عوامی مصروفیات کا انتخاب احتیاط سے کرتی ہیں، عوامی تقریبات میں بھی ان کا انداز محتاط اور کم گو رہتا ہے، جبکہ وہ غیر متوقع طور پر گفتگو کرنے سے گریز کرتی ہیں۔دوسری جانب میلانیا ٹرمپ کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے دیگر امریکی خاتونِ اول کی طرح بھرپور عوامی شیڈول برقرار رکھنے کی توقع نہیں کی جانی چاہیے۔