عالمی برادری کو لیبیا کے مسئلے کا جامع، مربوط اور بنیادی حل تلاش کرنا چاہیئے،چین

بدھ 19 اگست 2026 11:37

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2026ء) چین نےعالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اسے مختلف محاذوں پر بیک وقت کوششیں کرتے ہوئے لیبیا کے مسئلے کا جامع، مربوط اور بنیادی حل تلاش کرنا چاہیے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندہ فو کانگ نے گزشتہ روز سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں لیبیا کے سیاسی عمل میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور تیل و گیس کی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے،تاہم ملک کو بنیادی سیاسی اختلافات کے برقرار رہنے، مقامی سطح پر بڑھتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور مسلسل معاشی دباؤ سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مختلف محاذوں پر بیک وقت کوششیں کرتے ہوئے لیبیا کے مسئلے کا جامع، مربوط اور بنیادی حل تلاش کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی تعطل ختم کرنے کے لیے مخلصانہ مذاکرات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ حال ہی میں سیاسی روڈ میپ پر پیش رفت کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ لیبیا کے متعلقہ فریقین کو اس بات کا مکمل ادراک ہونا چاہیے کہ ریاستی اداروں کی تقسیم اور انتخابات کو بار بار موخر کرنا ملک کی طویل مدتی ترقی اور لیبیا کے عوام کے بنیادی مفادات کے لیے نقصان دہ ہے۔

چینی مندوب نے کہا کہ چین لیبیا میں حالیہ پرتشدد جھڑپوں پر گہری تشویش رکھتا ہے اور تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تمام پرتشدد کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کی حمایت سے تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ مشاورت تیز کریں، اختلافات ختم کریں اور روڈ میپ میں شامل متعلقہ امور پر جلد اتفاق رائے پیدا کریں تاکہ قومی انتخابات کی راہ ہموار ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ لیبیا کے ایک اچھے دوست کی حیثیت سے چین، لیبیا کے مسئلے کے سیاسی حل اور ملک میں دیرپا امن و استحکام کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر مزید کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو لیبیا کے مسئلے میں ثالثی کے لیے مرکزی کردار ادا کرتے رہنا چاہیے جبکہ خطے سے باہر کے ممالک کی کوششوں میں لیبیا کی قیادت اور لیبیا کی ملکیت کے اصول کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے قومی حالات اور اس کے عوام کی خواہشات کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔