الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پنجاب حکومت کی تجویز تسلیم کرلی

جمعرات 20 اگست 2026 22:53

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پنجاب حکومت ..
ُاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2026ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پنجاب حکومت کی تجویز تسلیم کرلی۔صوبے میں بلدیاتی انتخابات دسمبر اور جنوری کے درمیان ہونگے۔کمیشن نے مرحلہ وار انتخابات کیلئے پنجاب حکومت سے پلان طلب کرلیا ۔صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ طے کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں جمعرات کو اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان انتخابات کرانے کی تجویز پیش کی اور الیکشن کمیشن نے اس پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران نثار احمد درانی، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر)اکرام اللہ شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی جانب سے چار رکنی کابینہ کمیٹی کے علاوہ چیف سیکرٹری پنجاب، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضہ ہے، جبکہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4)کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی معیاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، اور الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ219(3) اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59 کے تحت تاریخ کے اعلان کیلئے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔پنجاب مشاورتی کمیٹی کے کنوینر اور لوکل گورنمنٹ کے وزیر ذیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ چیف منسٹر پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہیں اور انہوں نے کمیٹی کو مشاورت کا مکمل اختیار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عمل شروع کر دیا ہے لیکن وسائل کی مناسب فراہمی کے لیے وقت درکار ہے۔ مزید برآں، ان انتخابات میں تدریسی عملے کی خدمات زیادہ درکار ہوتی ہیں، اس لیے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان انتخابات کرانا زیادہ مناسب ہے کیونکہ اس دوران بچوں کے امتحانات بھی مکمل ہو چکے ہوں گے اور صوبے میں دھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت مذکورہ مدت کے دوران مرحلہ وار انتخابات کرانا چاہتی ہے تاکہ سیکورٹی کی مناسب فراہمی اور بہتر انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ اگر مرحلہ وار انتخابات مطلوب ہیں تو جلد از جلد اپنا پلان مشاورت کے لیے پیش کیا جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب کابینہ کمیٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک آئینی ذمہ داری کو پورا کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔۔۔۔