عمران خان کو صحت مند قرار دے کر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا،عطا تارڑ کی تصدیق

پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے الشفاء اسپتال کے راستے اور باہر پیدا کی گئی سکیورٹی صورتحال کے باعث عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے، وفاقی وزیر اطلاعات

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 21 اگست 2026 11:01

عمران خان کو صحت مند قرار دے کر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا،عطا تارڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست2026ء)  وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصا ف عمران خان کے پمز اسپتال میں طبی معائنے اور انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کی تصدیق کردی۔  ’ایکس‘ پر  اپنے بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لایا گیا، جہاں ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے الشفاء اسپتال کے راستے اور باہر پیدا کی گئی سکیورٹی صورتحال کے باعث عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
 عطا تارڑ نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد عمران خان کو صحت مند قرار دیا۔ ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان بھی علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔ وزیر اطلاعات کے مطابق طبی معائنے کے بعد عمران خان کو 21 اگست کی صبح 5 بجے واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اس سے قبل بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑنے پر انہیں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔