پی ٹی آئی کا حکومت کیخلاف کل توہین عدالت کی پٹیشن دائر کرنے کا اعلان

عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے عدالتی حکم پرعملدرآمد نہیں ہوا، فیصلے پر عملدرآمد کرانا سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے، بیرسٹر گوہر خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 اگست 2026 19:27

پی ٹی آئی کا حکومت کیخلاف کل توہین عدالت کی پٹیشن دائر کرنے کا اعلان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 21 اگست 2026ء ) پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا، کل توہین عدالت کی پٹیشن دائر کریں گے، فیصلے پر عملدرآمد کرانے کی سپریم کورٹ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، دو دن ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے بعد آج قوم کیلئے بوجھل دن تھا۔

انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج قومی اسمبلی میں عمران خان کی صحت کے ایشو کو اٹھایا ہے، دو دن ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے کے بعد آج پوری قوم کیلئے بوجھل دن تھا، ہمیشہ کوشش کی کہ سسٹم چلے اور ہم سسٹم کا حصہ رہیں، اپنے لیڈر کیلئے آواز اٹھائیں، ہمارے ہزار تحفظات کے باوجود عدالتوں میں گئے، پچھلے 10مہینے سے عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی، کس قانون کے تحت ملاقات کی اجازت نہیں ہے؟راتوں رات ٹرائل ہوتا رہا، 100سال کی سزائیں ہوئیں، 25مرتبہ ہائیکورٹ اور 17مرتبہ سپریم کورٹ گئے، سپریم کورٹ نے شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا، اس کی بہن اور ذاتی معالج میڈیکل بورڈ کا حصہ ہو، جب تک علاج اور ٹیسٹ ہوں اس وقت تک وہ ہسپتال میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

16 ستمبر کی تاریخ سپرکورٹ نے خود مقرر کی تھی۔ لیکن پچھلی رات جو کچھ ہوا یہ بڑی بدقسمتی ہے، جس نے بھی کروایااس کی مذمت کرتے ہیں، ہم کوشش کرتے ہیں کہ جمہوریت پٹری پر رہے، لیکن کوئی کوشش کررہا ہے کہ ہم پارلیمنٹ سے باہر آئیں، ہم حکومت کی بی ٹیم نہیں ہے ہم عمران خان کے ووٹ سے آئے ہیں۔یہ حکم تین ججز نے دیا، سپریم کورٹ کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اس پر کوئی نظر ثانی نہیں ہوسکتی، عدالت سے درخواست ہے کہ اس حکم پر عملدرآمد کرایا جائے، پچھلی رات جو کچھ ہوا، اس پر حکومت کیخلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کریں گے۔آج بھی 90فیصد لوگ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔