ٓوزیرداخلہ کا دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور اظہارِ عقیدت کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

جمعہ 21 اگست 2026 19:42

ٓوزیرداخلہ کا دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور اظہارِ عقیدت کے عالمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2026ء) وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور اظہارِ عقیدت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں دہشت گردی کے تمام متاثرین اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کے سر کا تاج ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، قوم یا سرحد نہیں، یہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

دہشت گردی کے متاثرین اور شہدائ کی عظیم قربانیاں انسانیت کے لیے ایک ناقابل فراموش باب ہیں اور ان کی قربانیوں کو تا قیامت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے شہدائ اور متاثرین کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحد ہو کر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف چند ممالک کی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی جنگ ہے، اس لیے دنیا کو مل کر اس ناسور کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ دنیا کے قیام کے لیے دہشت گردی کے سامنے چٹان کی طرح کھڑا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر دہشت گردی کے تمام متاثرین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدائ اور متاثرین کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم مزید مضبوط ہوتا رہے گا۔