پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک جدید گوگل اے آئی ٹولز تک مفت رسائی، اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام پر اتفاق

جمعہ 21 اگست 2026 19:42

پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک جدید گوگل اے آئی ٹولز تک مفت رسائی، اسلام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2026ء) پاکستان اور گوگل کے درمیان ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت گوگل ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کے دوران طے پانے والے معاہدے کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی برآمدات، مصنوعی ذہانت، اسٹارٹ اپس اور جدت کے فروغ کے لیے تعاون بڑھایا جائے گا۔ گوگل کی جانب سے 2026ئ میں پاکستان میں گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے لیے 150,000 سرٹیفکیٹس کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی طلبہ کو جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک رسائی فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک گوگل اے آئی پلس اور جیمنی سمیت جدید اے آئی ٹولز تک مفت رسائی دی جائے گی۔ اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے بھی پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون طے پایا ہے، جہاں پاکستانی نوجوانوں اور انسانی وسائل کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جائے گی۔پاکستان اور گوگل موبائل ایپلی کیشنز، گیمنگ انڈسٹری، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ڈیجیٹل تجارت کے فروغ کے لیے بھی مل کر کام کریں گے۔

سرکاری خدمات کو مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے ساتھ ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن میں ڈیٹا اینالیٹکس اور اے آئی کے استعمال پر بھی تعاون کیا جائے گا۔زراعت کے شعبے میں فصلوں کی نگرانی، پیداوار کی پیش گوئی اور پائیدار زرعی طریقوں کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور مسابقتی صلاحیت کا روڈ میپ تیار کرنے کے لیے حکومت، گوگل اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ٹاسک فورس آئی ٹی برآمدات میں حائل رکاوٹوں اور ترقی کے امکانات کی نشاندہی کرے گی۔وزیراعظم کے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030ء تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے وڑن کے تناظر میں پاکستان اور گوگل کا یہ تعاون ڈیجیٹل معیشت، نوجوانوں کی مہارتوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔