غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں جولائی کے دوران 11.38 فیصد کمی ہوئی ، سٹیٹ بینک

جمعہ 21 اگست 2026 11:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں جولائی 2026 کے دوران 11.38 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) کے اعدادو شمار کے مطابق دوران مالی سال کے ابتدائی ماہ جولائی 2026 کے دوران منافع جات کی بیرون ملک منتقلی 261.4 ملین ڈالر تک کم ہوگئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی 2025 کے دوران 295 ملین ڈالر مالیت کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے تھے۔

اس طرح گزشتہ مالی سال 2026 کے مقابلہ میں جاری مالی سال 2027 کے ابتدائی ماہ جولائی کے دوران ملک میں کی جانے والی غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 33.6 ملین ڈالر یعنی 11 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایس بی پی کے مطابق جون 2026 کے مقابلہ میں جولائی 2026 کے دوران منافع جات کی منتقلی میں 72.65 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کا حجم جون 2026 کے دوران 151.4 ملین ڈالر رہا تھا تاہم جولائی 2026 میں منافع جات کی منتقلی 72.65 فیصد یعنی 110 ملین ڈالر کے اضافہ سے 261.4 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال جولائی کے دوران متحدہ عرب امارات کو منافع جات کی منتقلی میں 66 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ جولائی 2025 کے دوران منافع جات کی مد میں متحدہ عرب امارات کو 43.5 ملین ڈالر کے منافع جات منتقل کئے گئے تھے تاہم رواں مالی سال کے آغاز پر پہلے مہینے جولائی 2026 میں متحدہ عرب امارات کو منافع جات کی منتقلی کم ہو کر 14.7 ملین ڈالر رہ گئی۔ اس طرح جولائی 2025 کے مقابلہ میں جولائی 2026 کے دوران متحدہ عرب امارات کو منافع جات کی منتقلی میں 66.20 فیصد یعنی 28.8 ملین ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

دوسری جانب اس عرصہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی چین کو منتقلی میں 25.2 ملین ڈالر یعنی 28.63 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور منافع جات کی منتقلی 88.8 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 114 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ ایس بی پی کے مطابق اس دوران برطانیہ کو منافع جات کی منتقلی 76.6 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 47 ملین ڈالرتک کم ہوگئی جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی امریکا کو منتقلی 6.2 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 26.4 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔\395