پاکستان بزنس کونسل دبئی کے وفد کی دبئی چیمبرز کے صدر سے ملاقات

تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل جمعہ 21 اگست 2026 14:55

پاکستان بزنس کونسل دبئی کے وفد کی دبئی چیمبرز کے صدر سے ملاقات
پاکستان بزنس کونسل دبئی کے چیئرمین شبیر مرچنٹ کی قیادت میں وفد نے دبئی چیمبرز کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محترم محمد علی راشد لوتاہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستانی کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے مختلف کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے شرکت کی۔

وفد کے ارکان نے دبئی میں کاروبار کرنے کے دوران پیش آنے والے مختلف چیلنجز، عملی مشکلات اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے مواقع سے متعلق اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل دبئی کی قیادت نے کونسل کی جانب سے تجارتی فروغ، کاروباری روابط، ڈیجیٹلائزیشن، موبائل ایپلیکیشن، ممبران کی شمولیت اور سیمینارز و ویبینارز کے انعقاد سمیت مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

دبئی چیمبرز کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد علی راشد لوتاہ نے پاکستانی کاروباری برادری کے لیے دبئی چیمبرز کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو دبئی میں مزید سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔ انہوں نے دبئی چیمبرز کے عالمی نیٹ ورک کو بھی کاروباری اداروں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا، جس کے ذریعے دبئی میں موجود کمپنیاں بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرکے اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے سکتی ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان بزنس کونسل دبئی نے محمد علی راشد لوتاہ اور دبئی چیمبرز کی جانب سے پاکستانی کاروباری برادری کے ساتھ تعاون، مفید تبادلۂ خیال اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا۔