آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے تحفظات سے بھی آگاہ کیا،پیپلز پارٹی کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

جمعہ 21 اگست 2026 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) پیپلز پارٹی کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ پیپلز پارٹی کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور رانا ثنا اللہ بھی شامل تھے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی نے ہر اہم قومی، پارلیمانی اور سیاسی معاملے میں نظر انداز کیے جانے کی شکایات کیں ، آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ارکان نے کہا کہ حکومت کی وعدہ خلافیاں جاری رہیں تو ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا ، پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے سنگین الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے کہاکہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے ٹھوس شواہد دے تو تحقیقات کے لیے تیار ہیں ، قانون سازی کے معاملے پر بھی پیپلز پارٹی کے خدشات دور کریں گے۔ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے قانونی اور پارلیمانی امور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دونوں اتحادی جماعتیں اپنے اختلافات ختم کریں ، اس کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔