خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کا ہسپتالوں کے عملے کیلئے تین روزہ تربیتی پروگرام

جمعہ 21 اگست 2026 19:42

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی کی جانب سے کیٹیگری ون اور ٹو کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹروں، مینیجرز، انتظامی عملے اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کے لیے تین روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی پروگرام میں ایبٹ آباد، چارسدہ، بونیر، دیر لوئر، کرک، کوہاٹ، مانسہرہ، پشاور اور دیگر اضلاع کے ہسپتالوں کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔

شرکا کو معیار برائے فراہمی طبی خدمات کے حوالے سے تربیت دی جارہی ہے۔پشاور میں جاری تین روزہ تربیتی سیشن کے دوران طبی خدمات کے معیار اور مختلف اشاریوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ تربیت میں طبی مراکز کے انتظامی امور، ہسپتالوں کے نظم و نسق، مریضوں کی حفاظت و نگرانی، انفیکشن کنٹرول سسٹم، مریضوں کے ریکارڈ کی مناسب دیکھ بھال، صفائی اور دیگر اہم امور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تربیت کے دوران شرکا کو ہسپتالوں میں معیارِ صحت کے مختلف اشاریوں پر عملدرآمد اور طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔شرکاء نے یقین دہانی کرائی کہ اپنے متعلقہ ہسپتالوں میں معیارِ صحت کے تمام مقررہ اشاریوں پر پورا اترنے اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں گے۔تین روزہ تربیتی پروگرام کے اختتام پر شرکا میں اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔