ایبٹ آباد،پنک اور بلیو سوزوکی سروس کے حوالہ سے ٹریفک پولیس کی وضاحت

اتوار 23 اگست 2026 11:22

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2026ء) ایبٹ آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں، بالخصوص خواتین کو محفوظ، باعزت اور بہتر سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کی جانے والی پنک اور بلیو سوزوکی سروس کے حوالے سے عوام الناس کی جانب سے مختلف سوالات اور تجاویز سامنے آئی ہیں۔ ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے شہریوں کی رہنمائی کے لیے اہم سوالات کے جوابات اور سروس سے متعلق ضروری وضاحتیں جاری کی ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اگر کسی خاتون کے ہمراہ اس کے شوہر، والد، بھائی یا بچے موجود ہوں تو وہ پنک سوزوکی میں سفر کر سکتے ہیں۔ تاہم اکیلے مرد مسافر کے لیے بلیو سوزوکی سروس مختص ہوگی۔ابتدائی طورپریہ سروس ایبٹ آباد تا منڈیاں اور منڈیاں تا ایبٹ آباد روٹ پر شروع کی گئی ہے، کیونکہ اس روٹ پر شہریوں، بالخصوص سکول، کالج اور کام کے سلسلے میں سفر کرنے والی خواتین کو زیادہ رش اور سفری مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

سروس کا مقصد خواتین کو باعزت، محفوظ اور سہل سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کی جانب سے ابتدائی طور پر ایک ہفتے تک اس سروس کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام اور سوزوکی ڈرائیورز سروس کے طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ اڈہ ڈرائیوران اور منیجرز کو بھی ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ پنک اور بلیو سوزوکی گاڑیوں کا تعین کرکے ان پر مخصوص کپڑا یا ربن آویزاں کریں۔

آگاہی کی مدت مکمل ہونے کے بعد منڈیاں روٹ پر مقررہ شناختی ربن کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑی کو بند کیا جائے گا۔شہریوں کے تحفظات دور کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ پنک سوزوکی کے لیے مقررہ اوقات کار طے کیے جائیں گے۔ اگر گاڑی مقررہ وقت سے پہلے مکمل بھر جائے تو اسے فوری روانہ کر دیا جائے گا، جبکہ اگر گاڑی میں کچھ خواتین سوار ہوں اور مزید نشستیں خالی ہوں تو بھی گاڑی مقررہ وقت پر روانہ ہوگی۔

دورانِ سفر مقررہ اسٹاپس سے مزید خواتین مسافروں کو بھی سوار کیا جائے گا۔ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے مطابق پنک اور بلیو سوزوکی سروس کا بنیادی مقصد شہریوں، بالخصوص خواتین کو محفوظ، باعزت اور بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی آگاہی کے لیے مختلف سیمینارز، واکس اور دیگر آگاہی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس عوامی فلاحی اقدام کو کامیاب بنانے کے لیے ٹریفک پولیس، سوزوکی ڈرائیوران اور متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ خواتین اور شہریوں کے لیے سفری سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔