چین کی اشیاء کی درآمدات و برآمدات میں سالانہ 17.3 فیصد اضافہ،چین کی درآمدات کی شرحِ نمو برآمدات سے زیادہ رہی

اتوار 23 اگست 2026 16:52

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2026ء) رواں سال کے پہلے سات ماہ میں چین کی اشیاء کی درآمدات و برآمدات میں سالانہ 17.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ درآمدات میں 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چینی میڈیا کے مطابق مسلسل پانچ ماہ سے چین کی درآمدات کی شرحِ نمو برآمدات سے زیادہ ہے۔ آج چین نہ صرف عالمی منڈی میں ایک "سپر سیلر"ہے بلکہ ایک "سپر بائر" بھی بن چکا ہے۔

امریکی میڈیا یوریشیا ریویو کے مطابق چین کی درآمدات میں اضافہ عالمی تجارت کے مستقبل کو سہارا دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے بھی نشاندہی کی ہے کہ عالمی تجارت میں چین کا بڑھتا ہوا کردار عالمی اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم محرک بن چکا ہے۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حال ہی میں پیش گوئی کی ہے کہ 2026 میں عالمی تجارت کی شرحِ نمو 3.5 فیصد رہے گی، جو 2025 کے 5 فیصد کے مقابلے میں کم ہے۔چین مسلسل 17 سال سے دنیا کی دوسری سب سے بڑی درآمدی منڈی رہا ہے اور اس نے 63 ممالک کے لیے زیرو ٹیرف پالیسی نافذ کی ہے۔ رواں سال کے پہلے سات ماہ میں چین کے 150 سے زائد تجارتی شراکت داروں سے درآمدات میں مثبت نمو ریکارڈ کی گئی۔