عید میلاد النبی ﷺ، سکھر میں جلوس کے روٹ کا سول ڈیفنس حکام کا معائنہ

حفاظتی انتظامات کا جائزہ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا عزم

اتوار 23 اگست 2026 18:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2026ء) سول ڈیفنس سندھ کے ڈائریکٹر ریاض حسین لغاری اور ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس سکھر نادر شہزاد خان کی خصوصی ہدایات پر سول ڈیفنس وارڈن سروس ضلع سکھر کی جانب سے 12 ربیع الاول کے مرکزی جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا گیا۔روٹ وزٹ کا مقصد جلوس کے راستے کا جائزہ لینے، حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے اور سول ڈیفنس وارڈنز کی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں ترتیب دینا تھا۔

دورے کی نگرانی ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان اور انچارج سول ڈیفنس آفس سکھر میاں جہانگیر عباسی نے کی۔اس موقع پر جلوس کے روٹ، عوامی سہولت اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ﷺ محسن انسانیت بن کر دنیا میں تشریف لائے، آپ ﷺ کی تعلیمات امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیﷺ صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے امن و محبت کا پیغام ہے۔ سول ڈیفنس وارڈنز کے لیے یہ اعزاز ہے کہ وہ مرکزی جلوس میں اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وارڈنز جذبہ خدمت، نظم و ضبط اور عقیدت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے عوام کی حفاظت اور سہولت کے لیے کردار ادا کریں گے۔انچارج سول ڈیفنس آفس سکھر میاں جہانگیر عباسی نے کہا کہ سول ڈیفنس وارڈن سروس ضلع سکھر ہر بڑے مذہبی اور عوامی اجتماع میں حفاظتی خدمات انجام دینے کے لیے پرعزم ہے اور 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے موقع پر بھی وارڈنز اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں گے۔

روٹ وزٹ کے موقع پر گروپ وارڈن محمد احمد شیخ، پوسٹ وارڈن شیخ عدنان، محمود احمد، انچارج افسران محمد آصف شیخ، لالا عمران میرانی، محمد یوسف، ریاض احمد صدیقی، احسن راجپوت سمیت سول ڈیفنس وارڈن سروس کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔سول ڈیفنس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ، نظم و ضبط برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔