ساہیوال ، کمپیوٹرائزڈ کنڈا دوکاندار کو رقم کے لین دین پر گولی مار دی گئی، حالت نازک، دو گرفتار

پیر 24 اگست 2026 18:04

ساہیوال ، کمپیوٹرائزڈ کنڈا دوکاندار کو رقم کے لین دین پر گولی مار دی ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) نواحی چک 50/12ایل میں بسم اللہ کمپیوٹرائزڈ کنڈا آفس میں دوکاندار محمد عارف کو رقم کے لین دین کے تنازع پر گولی مار دی گئی۔ زخمی کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔واقعات کے مطابق بیوپاری عبدالطیف کا بھائی عارف اور محمد وسیم مل کر کمپیوٹرائزڈ کنڈا کا کاروبار کرتے تھے۔

(جاری ہے)

دونوں کے درمیان دو لاکھ 10 ہزار روپے کے لین دین پر تنازع ہوگیا۔ گزشتہ رات تقریبا 10 بجے عارف اپنے بیٹے علی رضا کے ہمراہ کنڈے پر بیٹھا تھا کہ محمد وسیم، سلیمان، عبداللہ اور تین نامعلوم ملزمان کلاشنکوف اور پستولوں سے مسلح ہوکر وہاں آگئے۔ملزمان نے عارف کو پکڑ لیا اور محمد وسیم نے اپنے پستول سے اس کے پیٹ میں گولی مار دی، جبکہ دیگر ملزمان کلاشنکوفیں لہراتے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔پولیس اوکانوالہ بنگلہ نے عبدالطیف کی مدعیت میں چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ دو ملزمان وسیم اور عبداللہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔