دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور پولیس شانہ بشانہ،عوام کا سکیورٹی فورسز پربھرپوراعتماد

جمعرات 27 اگست 2026 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2026ء) دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور پولیس شانہ بشانہ کھڑے ہیں جبکہ عوام نے سکیورٹی فورسز پربھرپوراعتماد کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور پولیس سیسہ پلائی دیوار بن گئے،عوام کی طرف سے فوج اورپولیس کی بھرپورستائش کی گئی ہے۔ کور کمانڈر پشاورنے ضلع دیر کادورہ کرکے پولیس افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔

ملاقات میں آئی جی خیبر پختونخوا سمیت پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران اور سول حکام بھی موجود تھے۔ کور کمانڈر پشاور نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں اور اہم کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔ دوسری جانب پاک فوج کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے لکی مروت بازارکا دورہ کیا جہاں مقامی افراد کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کی جانب سے مستحق خاندانوں میں راشن اورڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔لکی مروت کے دورے کے دوران جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بچوں سے بھرپورشفقت کااظہارکیا ۔لکی مروت کی مقامی آبادی کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور پاک فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ پاک فوج کی عوامی سرگرمیاں اور عوام کا پرجوش ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اور پاک فوج ہر حال میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔