اسرائیل حزب اللہ نئی کشیدگی سے جنوبی لبنان میں شہری و معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں، اقوام متحدہ

جمعہ 28 اگست 2026 09:26

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2026ء) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی کشیدگی سے جنوبی لبنان میں شہری اور معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں۔شنہوا نے اقوام متحدہ کے شعبہ برائے انسانی امور (اوچا)کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز لبنان کے صوبہ نبطیہ کے مختلف علاقوں میں متعدد فضائی حملے رپورٹ ہوئے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے حملوں اور مسماری کی کارروائیوں سے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

اوچا نے بتایا کہ بدھ کو نبطیہ کے علاقے دیر میماس میں آگ بجھانے کے لیے پہنچنے والے لبنانی سول ڈیفنس اہلکاروں کو حملے کی زد میں آنے کے بعد واپس نکلنا پڑا۔ ادارے نے کہا کہ مشکلات کے باوجود انسانی امدادی شراکت دار ضرورت مند آبادیوں کو ضروری معاونت فراہم کررہے ہیں، 2 مارچ سے اب تک 9 لاکھ سے زائد افراد کو کم از کم ایک مرتبہ ہنگامی نقد امداد فراہم کی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

اوچا کے مطابق انسانی ضروریات بدستور بہت زیادہ ہیں جبکہ امدادی فنڈز ناکافی ہیں، متاثرہ افراد کی مدد کے لیے تقریباً 64 کروڑ ڈالر درکار ہیں، تاہم چھ ماہ کی ہنگامی امدادی اپیل ختم ہونے میں صرف چار روز باقی ہیں اور اب تک اس کے نصف سے کچھ زیادہ فنڈز ہی جمع ہوسکے ہیں۔اقوام متحدہ نے بین الاقوامی انسانی قوانین کی مکمل پاسداری، شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ اور متاثرہ آبادیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مسلسل انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا ۔