انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس

منگل 1 ستمبر 2026 20:49

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2026ء) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بیلجیئم کے شہر لووین لا نیو میں 27 اور28 اگست کو ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ2026 کے موقع پر منعقد ہوا جس کی صدارت پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے کی۔اجلاس میں عالمی ہاکی کی حالیہ سرگرمیوں، کھیلوں، ترقی اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

ایف آئی ایچ کے صدر نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے فٹ فار دی فیوچر پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی اور اس پروگرام کے مقاصد کے لیے ایف آئی ایچ کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے ایف آئی ایچ کی ایمپاورمنٹ اینڈ انگیجمنٹ حکمت عملی پر پیش رفت اور اولمپک سولیڈیریٹی پروگرام کے تحت دستیاب مواقع سے بھی ایگزیکٹو بورڈ کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی سطح پر ہاکی کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر کھیل کے مفادات کی نمائندگی کے حوالے سے اپنی سرگرمیوں سے بھی بورڈ کو آگاہ کیا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے ایف آئی ایچ نیشنز کپ، ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے اختتامی مرحلے اور بیلجیم و نیدرلینڈز میں منعقدہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ2026 کا جائزہ لیا۔ ورلڈ کپ کے دوران ایف آئی ایچ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریکارڈ انگیجمنٹ حاصل ہوئی جس کے باعث اسے سوشل میڈیا کے اعتبار سے ایف آئی ایچ کا اب تک کا کامیاب ترین ورلڈ کپ قرار دیا گیا۔

اجلاس میں بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے پہلے ایف آئی ایچ پیرا ہاکی ورلڈ کپ کا بھی جائزہ لیا گیا جسے ہاکی میں شمولیت اور جامعیت کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا گیا۔ ایگزیکٹو بورڈ کو لاس اینجلس2028 اولمپک گیمز کی تیاریوں، ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے آئندہ سیزن اور ڈکار2026 یوتھ اولمپک گیمز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، جہاں ہاکی کو انگیجمنٹ اسپورٹ کے طور پر شامل کیا جائے گا۔

بورڈ نے ایف آئی ایچ کی کمرشل سرگرمیوں اور نئی شراکت داریوں کا بھی جائزہ لیا، جبکہ ورلڈ کپ سے پیدا ہونے والے تجارتی مواقع پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ایف آئی ایچ کے عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم واچ ہاکی کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی، جس نے ورلڈ کپ کے دوران نمایاں ترقی اور صارفین کی بھرپور دلچسپی حاصل کی۔ اجلاس میں ہاکی فائیوز اور امپائرنگ کے مسلسل فروغ سمیت مختلف کھیلوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایف آئی ایچ اکیڈمی، اینٹی ڈوپنگ، پائیداری، خواتین کی ہاکی، سیف گارڈنگ، ایف آئی ایچ کوالٹی پروگرام، جدت، ٹیکنالوجی، مارکیٹنگ، کمیونیکیشنز اور براڈکاسٹ سے متعلق ترقیاتی اور انتظامی امور پر بھی ایگزیکٹو بورڈ کو پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔