عاقب جاوید نے انگلینڈ کیخلاف شکست کی ذمہ داری بابر اعظم اور سرفراز احمد پر ڈال دی

جب کوچ و کپتان فیصلے نہیں لے پا رہے ہوتے تو کسی کو تو ایکشن لینا پڑتا ہے، دنیا ہم پر اس لیے ہنس رہی ہے کیونکہ ہم مقابلہ ہی نہیں کر پا رہے : سلیکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 ستمبر 2026 10:50

عاقب جاوید نے انگلینڈ کیخلاف شکست کی ذمہ داری بابر اعظم اور سرفراز ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 ستمبر 2026ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کی ذمہ داری کپتان بابر اعظم اور کوچ سرفراز احمد پر ڈال دی ۔ 
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں اینکر شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے عاقب جاوید نے ٹیم میں ہونے والی غیرمعمولی تبدیلیوں پر کہا کہ کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو بطور سلیکٹر ہماری ذمہ داری ہوتی ہیں اور سکواڈ کی ذمہ داری ہم لینے کو تیار ہیں لیکن ٹور کے دوران جس طرح کا ٹیم کمبی نیشن چاہیے ہوتا ہے وہ نہیں حاصل ہو پا رہا تھا ۔

 
عاقب جاوید نے کہا کہ اس حوالے سے میری کپتان بابر اعظم اور کوچ سرفراز احمد سے بھی بات ہوئی۔

(جاری ہے)

 

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ جب کوچ اور کپتان فیصلے نہیں لے پا رہے ہوتے تو کسی کو تو ایکشن لینا پڑتا ہے، دنیا ہم پر اس لیے ہنس رہی ہے کیونکہ ہم مقابلہ ہی نہیں کر پا رہے ۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں سے ٹیم کو یہ پیغام بھی جائے گا کہ آپ پلاننگ کے مطابق اپنی پلیئنگ الیون کو ٹھیک کریں ۔کیونکہ کپتان، کوچ اور مینجمنٹ کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے۔ 
عاقب جاوید نے کہا کہ پوری پاکستان کرکٹ ٹیم میں آپ کو بہت کم ایسے کھلاڑی ملیں گے جن کو ٹیم کی قیادت دی جا سکے۔