غیر تجربہ کار اہلکاروں کی امتحانی ڈیوٹیوں سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا، پیپلز پارٹی رکن مہر سلطانہ کا توجہ دلا نوٹس

جمعرات 3 ستمبر 2026 22:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2026ء) خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن مہر سلطانہ نے صوبائی حکومت کی جانب سے گریجویشن /کوالیفائر اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں سرکاری اساتذہ کی جگہ غیر تجربہ کار اہلکاروں کو امتحانی ڈیوٹیوں پر تعینات کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے گئے توجہ دلا نوٹس میں انہوں نے کہا کہ غیر تجربہ کار اہلکاروں کو امتحانی ڈیوٹیوں پر تعینات کرنا طلبہ و طالبات کے ساتھ ناانصافی ہے، جو مختلف مشکلات اور تکالیف برداشت کرکے اپنے روشن مستقبل کے لیے امتحانات کی تیاری کرتے ہیں۔ مذکورہ اقدام سے امتحانی ماحول مزید مشکل اور پریشان کن ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

مہر سلطانہ نے کہا کہ مذکورہ اہلکاروں کی جانب سے امتحانی ڈیوٹی کے دوران طلبہ کے خلاف مختلف نوعیت کے کیسز بھی بنائے گئے جو ریکارڈ کا حصہ ہیں، جبکہ بعض طلبہ کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے ہراساں کرنے کی کوششیں بھی کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ امتحانی قواعد کی خلاف ورزی، بدسلوکی یا کسی بھی قسم کی بدعنوانی کی صورت میں متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنا نسبتا مشکل ہوتا ہے، جبکہ سرکاری اساتذہ تجربہ کار ہونے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ محکمانہ نظم و ضبط اور احتساب کے طریقہ کار کے تابع ہوتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث خیبرپختونخوا کے مختلف تعلیمی بورڈز میں طلبہ و طالبات کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، جس سے بورڈز کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ گریجویشن/کوالیفائر اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سے متعلق مذکورہ نوٹیفکیشن واپس لینے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں، آئندہ امتحانات میں غیر تجربہ کار اہلکاروں کی بجائے صرف تجربہ کار اساتذہ کو امتحانی ڈیوٹیوں پر تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین میں بھی پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کا خاتمہ ہوسکے اور امتحانات کا عمل شفاف، منظم اور پرامن انداز میں جاری رکھا جاسکے۔