عمران خان کی رہائی اولین ترجیح، 27 ستمبر کا لانگ مارچ فیصلہ کن ہوگا، ڈاکٹر امجد علی

پرامن احتجاج ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے، ریاستی ظلم و جبر ہمارے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتا، وزیر ہائوسنگ خیبرپختونخوا

جمعہ 4 ستمبر 2026 00:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2026ء) وزیر ہائوسنگ خیبر پختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی ہماری اولین ترجیح ہے، 27 ستمبر کا لانگ مارچ عمران خان کی رہائی کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگا، عمران خان کی رہائی اب پوری قوم کا مطالبہ ہے، پرامن احتجاج ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے، ریاستی ظلم و جبر ہمارے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے تیاریاں جاری ہیں اور ہر رکنِ اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں ویلج کونسل کی سطح پر سرگرمِ عمل ہے۔ اسٹریٹ موومنٹ میں کارکنوں کی بھرپور شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ اس بار کا لانگ مارچ ماضی کے احتجاج اور مظاہروں سے مختلف ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی صوبہ سندھ کے دورے پر ہیں، جبکہ اس بار نچلی سطح تک منظم انداز میں تیاریاں شروع کی گئی ہیں۔ ان شا اللہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ فیصلہ کن ثابت ہوگا اور عمران خان جلد عوام اور پارٹی کارکنوں کے درمیان ہوں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں ہمیں ریاستی جبر اور ظلم کا سامنا کرنا پڑا۔

ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، لیکن ہمیں ریاستی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمرانوں نے عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھ کر پاکستان تحریکِ انصاف کو ختم کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کوششوں کے باوجود تحریکِ انصاف مزید مضبوط اور مستحکم ہوئی ہے۔ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ حکمران خود کو قانون سے بالاتر تصور کر رہے ہیں اور عدالتی احکامات کو بھی نظرانداز کیا جا رہا ہے، جبکہ اعلی عدالتیں بھی اپنے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔