سوات:فلک سر حادثہ، 57 روز بعد شہید کوہ پیما سید علی شاہ کی میت ریکور کرلی گئی

اتوار 6 ستمبر 2026 18:15

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2026ء) سوات کی بلند ترین چوٹیوں میں شمار ہونے والی فلک سر پر 11 جولائی کو حادثے کا شکار ہونے والے شہید کوہ پیما سید علی شاہ کی میت 57 روز بعد ریکور کرلی گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے شدید موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باوجود مسلسل کوششوں کے بعد میت کو فلک سر کے بیس کیمپ تک منتقل کیا، جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے خوازہ خیلہ اسپتال پہنچایا گیا۔

سید علی شاہ فلک سر چوٹی سر کرنے کی مہم کے دوران حادثے کا شکار ہوئے تھے، تاہم خراب موسم، شدید سردی اور دشوار گزار جغرافیائی حالات کے باعث فوری طور پر میت کی ریکوری ممکن نہ ہوسکی۔ ریسکیو آپریشن میں گلگت اور سوات سے تعلق رکھنے والے ماہر کوہ پیماں نے حصہ لیا اور مختلف مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے 57 روز بعد میت تلاش کرکے ریکور کی۔

(جاری ہے)

ریسکیو کارروائی میں پاک فوج اور صوبائی حکومت نے بھی بھرپور معاونت فراہم کی، جبکہ متعلقہ اداروں نے آپریشن کے دوران ٹیموں کو ضروری سہولیات اور تعاون فراہم کیا۔

میت خوازہ خیلہ اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی ۔ شہید کوہ پیما سید علی شاہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے خوازہ خیلہ میں اداکی گئی ۔ جس میں اہل خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ سید علی شاہ کی میت 57 روز بعد گھر پہنچنے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔