شانگلہ میں ریسکیو 1122کی فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی تربیت جاری

بدھ 9 ستمبر 2026 21:11

شانگلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) شانگلہ میں ریسکیو 1122 کی فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی تربیت کا سلسلہ جاری ہے، عدلیہ، نادرا ملازمین، نرسنگ طلبہ و دیگر عملے کو عملی تربیت فراہم کی گئی۔ سلسلہ جاری رہے گا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر ملک شیر دل خان۔ریسکیو 1122شانگلہ کے زیر اہتمام ضلع بھر کے مختلف سرکاری و نجی اداروں، تعلیمی اداروں اور کمیونٹیز میں ابتدائی طبی امداد، فائر سیفٹی، ایمرجنسی رسپانس اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے آگاہی و تربیتی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122اور ریجنل ڈائریکٹر نارتھ کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 شانگلہ انجینئر ملک شیر دل خان کی زیرِ نگرانی ریسکیو ٹریننگ ونگ کی جانب سے مختلف اداروں کے اہلکاروں اور طلبہ کو عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں نرسنگ کے طلبہ کیلئے ایک روزہ تربیتی و آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں نرسنگ کے طلبہ کو ابتدائی طبی امداد، آگ سے بچا، ہنگامی حالات میں فوری ردعمل اور قدرتی آفات سے محفوظ رہنے کے حوالے سے عملی تربیت دی گئی۔

طلبہ کو ایمرجنسی ریسکیو سروسز کے طریقہ کار اور خدمات کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔تربیتی پروگرام کے دوران ریسکیو ماہرین نے طلبہ کو بتایا کہ کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں ابتدائی چند منٹ انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، اس لیے بنیادی طبی امداد اور حفاظتی اقدامات سے آگاہی قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

تربیت کا مقصد طلبہ کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں گھبرانے کے بجائے بروقت اور محفوظ انداز میں ابتدائی امداد فراہم کر سکیں اور ریسکیو اہلکاروں کے پہنچنے تک متاثرہ افراد کی مدد کر سکیں۔دوسری جانب ریسکیو 1122 ٹریننگ ونگ کی جانب سے نادرا دفاتر الپوری، پورن، چکیسر اور مارتونگ کے ملازمین کیلئے بھی ایک روزہ جامع تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

تربیتی سیشن کے دوران نادرا کے عملے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے، آگ لگنے کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات، فائر سیفٹی اور کسی بھی ناگہانی آفت کے دوران حساس مقامات سے محفوظ انخلا کے حوالے سے عملی مشقیں کروائی گئیں۔اسی طرح ریسکیو 1122 شانگلہ کے زیر اہتمام عدلیہ شانگلہ کے عملے کیلئے بھی ابتدائی طبی امداد، فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی و آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ پروگرام سینئر سول جج شانگلہ کے باہمی تعاون سے منعقد ہوا، جس میں عدلیہ کے عملے کو ہنگامی حالات میں فوری ردعمل، آگ کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے، ابتدائی طبی امداد اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں عمارت کے محفوظ انخلا کے عملی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق تربیتی پروگراموں کا بنیادی مقصد مختلف اداروں کے ملازمین، طلبہ اور عام شہریوں میں ایمرجنسی سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا، آگ سے بچا کے حفاظتی اصولوں سے آگاہی دینا اور کسی بھی حادثے یا آفت کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

تربیت یافتہ افراد ریسکیو اہلکاروں کی آمد تک ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروری حفاظتی اقدامات کے ذریعے متاثرہ افراد کی مدد کر سکتے ہیں۔عدلیہ شانگلہ، نادرا کے ملازمین اور شانگلہ کالج آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبہ کی جانب سے ریسکیو 1122 کی جانب سے فراہم کی جانے والی تربیتی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے اداروں اور معاشرے میں محفوظ اور ذمہ دارانہ رویوں کے فروغ کیلئے اہم قدم قرار دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 شانگلہ انجینئر ملک شیر دل خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے، آگ، طبی ایمرجنسی یا دیگر ناگہانی واقعے کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی مفت ہیلپ لائن پر کال کی جائے۔ ریسکیو سروس 24 گھنٹے عوام کو ہنگامی خدمات فراہم کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :