سندھ کی وحدت، وسائل اور حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد تیز کرینگے، قادر مگسی

کراچی میں انتظامی سہولت کیلئے 3 ڈویڑن بنائے جائیں، سندھ کی تقسیم کی کوئی سازش برداشت نہیں ہوگی، چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی

جمعرات 10 ستمبر 2026 19:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ ہمارا تاریخی وطن اور سندھی قوم کیلئے اللہ تعالیٰ کا عطا کردہ تحفہ ہے، سندھ کی وحدت، قومی وجود، وسائل اور حقوق کا تحفظ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، سندھ کی وحدت اور بقا کی جدوجہد کو مزید منظم اور تیز کیا جائے گا اور ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

امریکا کے طویل نجی دورے کے بعد وطن واپسی پر ڈاکٹر قادر مگسی کا پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے کراچی ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد وہ قافلے کے ہمراہ حیدرآباد پہنچے۔ کارکنوں نے انہیں پھول اور ثقافتی تحائف پیش کیے جبکہ سندھ کی تقسیم کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ بھر کے عوام کو بیدار اور منظم کرکے پٴْرامن، جمہوری اور عوامی جدوجہد کے ذریعے سندھ کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

کراچی سندھ کا بڑا اور کثیر آبادی والا شہر ہے، انتظامی سہولت اور بہتر حکمرانی کیلئے کراچی کے تین ڈویڑن بنائے جائیں، تاہم کسی بھی انتظامی تبدیلی کو سندھ کی وحدت کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں آباد لاکھوں سندھیوں اور سندھی آبادیوں کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے، انہیں پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، سڑکوں، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

حکومت سندھی آبادیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا خاتمہ کرے۔ڈاکٹر قادر مگسی نے واضح کیا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی کسی قوت کو انتظامی معاملات کی آڑ میں سندھ کی تاریخی اور جغرافیائی وحدت کے خلاف سازش یا قومی وجود کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وفاقی وزرا کی جانب سے سندھ کے بارے میں دیے گئے بیانات کا سنجیدگی سے نوٹس لے، جو عوام میں بے چینی اور غم و غصے کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے سات کروڑ عوام اپنی دھرتی، وحدت، وسائل اور قومی حقوق کے خلاف کسی سازش پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ اگر کوئی سازش کی گئی تو کراچی سے کشمور اور کیٹی بندر سے کارونجھر تک پورا سندھ ایک آواز اور ایک للکار بن کر اٹھے گا اور ہر سازش کو عوامی طاقت سے ناکام بنایا جائے گا۔