ریاسی میں قابض انتظامیہ کے خلاف کشمیری تاجروں کا احتجاج، تعمیراتی منصوبوں سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کا مطالبہ

جمعہ 11 ستمبر 2026 16:45

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں دکانداروں، مزدوروں اور دیگر چھوٹے تاجروں نے تعمیراتی منصوبوں سے متاثرہ اپنے کاروبار کی بحالی اور مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مطالبات کے حق میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے احتجاج کے بعد ضلعی انتظامیہ کو ایک یادداشت پیش کی، جس میں کالی دھار اور بھمبلا کے درمیان جاری تعمیراتی کاموں کے باعث متاثر ہونے والے تاجروں اور کاروباری افراد کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔

مظاہرین نے کہا کہ سڑک اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے جاری منصوبوں سے بالخصوص چھوٹے دکانداروں اورتاجروں کا روزگار بری طرح متاثر ہوا ہے، اس لیے قابض انتظامیہ کو ان کے نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے مناسب بحالی پیکیج کااعلان کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

تاجروں نے متاثرہ علاقوں میں باقاعدہ پبلک ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث ذرائع آمد و رفت متاثر ہوئے ہیں جبکہ بہتر ٹرانسپورٹ اور رابطہ سڑکیں مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔

مظاہرین نے قابض انتظامیہ پر زور دیا کہ جاری تعمیراتی منصوبوں کے باعث روزگار سے محروم ہونے والے تاجروں اور مزدوروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور مقامی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع یقینی بنائے جائیں۔