نائن الیون کو 25 سال مکمل، متاثرین کی یاد میں نیو یارک ہاربر پر خصوصی ڈرون لائٹ شو

ڈرون لائٹ شو کی تیاری میں متاثرین کے اہلِ خانہ، اس سانحے میں زندہ بچ جانے والے افراد اور امدادی کارکنوں نے بھی حصہ لیا

جمعہ 11 ستمبر 2026 18:11

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کی 25 ویں برسی پر ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے نیو یارک میں ایک خصوصی ڈرون لائٹ شو کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر نیو یارک ہاربر پر آسمان 2,977 ڈرونز کی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ڈرون لائٹ شو میں 2,977 ڈرونز اس لیے استعمال کیے گئے کیونکہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے دہشت گرد حملوں میں 2,977 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ڈرون لائٹ شو کا نام بھی2,977 لائٹس اوور نیو یارک ہاربر رکھا گیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رات کے وقت نیو یارک ہاربر پر ہزاروں روشنیاں بلند ہوئیں اور آہستہ آہستہ ایک دوسرے کے قریب آتے ہوئے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے خاکے میں تبدیل ہو گئیں۔

(جاری ہے)

ڈرون لائٹ شو کا انعقاد کرنے والے ڈائریکٹر اور ایگزیکٹیو پروڈیوسر ایڈیسن مہر کا کہنا تھا کہ اس ڈرون لائٹ شو کا مقصد 11 ستمبر کے سانحے کے تمام متاثرین کے انفرادی نقصان اور یاد کو نمایاں کرنا تھا، اسی لیے ڈرون لائٹ شو کے لیے متاثرین کی تعداد کے عین مطابق 2,977 ڈرونز استعمال کیے گئے۔

ڈرون لائٹ شو کی تیاری میں متاثرین کے اہلِ خانہ، اس سانحے میں زندہ بچ جانے والے افراد اور امدادی کارکنوں نے بھی حصہ لیا۔