Live Updates

پیوٹن بھارت پہنچ گئے، ایران اور یوکرین جنگوں کے سائے میں برکس اجلاس کل ہوگا

جمعہ 11 ستمبر 2026 18:11

پیوٹن بھارت پہنچ گئے، ایران اور یوکرین جنگوں کے سائے میں برکس اجلاس ..
․نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے ، جہاں 11 رکنی برکس سربراہی اجلاس میں ایران اور یوکرین کی جنگوں سمیت عالمی معاشی اور سیاسی صورتحال پر اہم بات چیت متوقع ہے۔ برکس اجلاس 12 اور 13 ستمبر کو ہوگا۔پیوٹن کے ساتھ ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی روسی اور ایرانی صدور سمیت دیگر رہنمائوں سے الگ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ بھی نئی دہلی پہنچ گئے ،برکس میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ کے علاوہ ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، ایتھوپیا اور انڈونیشیا بھی شامل ہیں۔ ایران جنگ نے اس توسیع شدہ گروپ کے اندر بھی اختلافات کو نمایاں کردیا ہے،تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ اور آبنائے ہرمز میں توانائی کی ترسیل میں رکاوٹ برکس اجلاس کا اہم موضوع ہوگی۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بھی اس بحران سے متاثر ہوئی ہیں، جبکہ بھارت اور چین خلیجی تیل کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز پر خاص انحصار کرتے ہیں۔ دوسری جانب یوکرین جنگ بھی اجلاس کے ایجنڈے پر اہم معاملہ ہوگی۔ روس اور بھارت کے درمیان قریبی تعلقات کے باوجود نئی دہلی یوکرین جنگ کے خاتمے کی حمایت کرتا رہا ہے، جبکہ امریکا کی جانب سے بھی روس کے ساتھ امن مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات