Live Updates

کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری ،اندلس کی تاریخ پر نایاب کتابوں اور مخطوطات کے مجموعہ کی نمائش

لائبریری میں برطانوی مصور ڈیوڈ رابرٹس کی مختلف پینٹنگز بھی شامل ہیں جو انہوں نے 1932 اپنے دورہ اندلس کے دوران بنائی تھیں،رپورٹ

جمعہ 11 ستمبر 2026 20:17

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے اندلس کی تاریخ پر نایاب کتابوں اور مخطوطات کا مجموعہ نمائش کے لیے پیش کیا ہے۔سعودی میڈیاکے مطابق اس مجموعے میں اس عرب اسلامی تہذیب کو اجاگر کیا گیا ہے جو آٹھ صدیوں سے زیادہ عرصے تک یورپ میں اندلس کی صورت میں قائم رہی، یہ دور 92 ہجری میں فتحِ اندلس سے شروع ہو کر 1492 عیسوی میں سقوطِ غرناطہ تک جاری رہا۔

لائبریری میں اندلس سے متعلق مختلف موضوعات پر کتابیں موجود ہیں جس میں تاریخ، ادب، شاعری، زراعت، فنون، ثقافت اور سوانح حیات شامل ہیں۔ یہ مجموعہ عربی، انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، جرمن اور لاطینی زبانوں میں ہے۔یہ مجموعہ کل 84 عنوانات پر مشتمل ہے جن میں اندلس کی تاریخ سے متعلق عربی زبان کی 13 نایاب کتابیں جبکہ دیگر غیر ملکی زبانوں میں 71 نایاب کتابیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ لائبریری میں 190 برس پرانی ایک کتابپورٹریٹ فرام سپین بھی موجود ہے، یہ مکمل قدرتی رنگوں میں ایک نفیس ایڈیشن ہے۔لائبریری میں برطانوی مصور ڈیوڈ رابرٹس کی مختلف پینٹنگز بھی شامل ہیں جو انہوں نے 1932 اپنے دورہ اندلس کے دوران بنائی تھیں، ان میں اندلس کے معروف تاریخی اور ثقافتی مقامات کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے۔1985 میں اپنے قیام کے بعد سے کنگ عبدالعزیز لائبریری عرب اور اسلامی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہی ہے جس میں کتابیں، مخطوطات، نایاب اشیا، دستاویزات، تصاویر اور سکے شامل ہیں۔

کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کے اس اقدام کا مقصد دنیا بھر کے ریسرچرز کے لیے علم کا ایک بھر پور ذخیرہ فراہم کرنا ہے۔لائبریری میں سعودی عرب اور جزیرہ نمائے عرب کی تاریخ پر بھی ہزاروں نایاب کتابیں، تاریخی دستاویزات اور قلمی نسخے موجود ہیں۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات