معروف پنجابی گلوکار ایمی ورک کے قافلے پر کینیڈا میں فائرنگ ،خوش قسمتی سے گلوکار محفوظ رہے

واقعے میں ایمی ورک یا ان کی گاڑی کو نشانہ نہیں بنایا گیا ‘گلوکار کے والدکلجیت سنگھ کی تردید

جمعہ 11 ستمبر 2026 20:15

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) بھارت کے معروف پنجابی گلوکار ایمی ورک کے قافلے پر کینیڈا میں فائرنگ کی گئی جس میں خوش قسمتی سے گلوکار محفوظ رہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمی ورک کے قافلے پر فائرنگ برٹش کولمبیا کے شہر ایبٹسفورڈ میں کنسرٹ کے بعد کی گئی تھی۔ایبٹسفورڈ پولیس کے مطابق رات 11 بجے میکلم روڈ کے علاقے میں ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی بلٹ پروف گاڑی ایمی ورک کے کنسرٹ سے منسلک قافلے کا حصہ تھی، گاڑی پر 7 گولیاں ماری گئیں۔پولیس نے فی الحال اس بات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی کہ فائرنگ کرنے والوں کا اصل ہدف کون تھا۔دوسری جانب ایمی ورک کے والد کلجیت سنگھ نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں ایمی ورک یا ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔گلوکار کے والد نے بتایا ہے کہ ایمی ورک بالکل محفوظ ہیں اور فائرنگ کا تعلق ممکنہ طور پر کنسرٹ کے منتظمین سے منسلک گاڑی سے تھا۔