شمالی کیرولینا کے شہرشارلٹ کو سیزن کے اختتامی ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا نیا مرکز منتخب کر لیا گیا

جمعرات 17 ستمبر 2026 16:06

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2026ء) امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے شہر شارلٹ کو سیزن کے اختتامی ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا نیا مرکز منتخب کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈبلیو ٹی اے انتظامیہ خواتین کے اس اہم سپورٹس ایونٹ کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کی خواہش مند ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ 3 سالہ معاہدہ ٹورنامنٹ کو پائیداری فراہم کرے گا، جو گزشتہ 7 سالوں کے دوران 6 مختلف شہروں میں منعقد ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال کے ڈبلیو ٹی اے فائنلز انڈین ویلز، کیلیفورنیا میں کھیلے جائیں گے، جس کے بعد 2027 سے یہ ایونٹ باقاعدہ طور پر شارلٹ منتقل ہو جائے گا۔ رواں سال ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 10 ملین ڈالر رکھی گئی ہے۔یہ مقابلے این بی اے ٹیم شارلٹ ہارنٹس کے ہوم گراؤنڈ سپیکٹرم سینٹر میں منعقد ہوں گے۔ نومبر میں باسکٹ بال سیزن کی مصروفیت اور میچز کی تعدد کے باعث ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا دورانیہ 8 دن سے کم کر کے 5 دن کر دیا جائے گا، جس کے لیے کھلاڑیوں کے ساتھ مختلف فارمیٹس پر بات چیت جاری ہے۔ اس اہم معاہدے کے تحت ڈبلیو ٹی اے اپنا عالمی ہیڈکوارٹر بھی سینٹ پیٹرزبرگ، فلوریڈا سے شارلٹ منتقل کر دے گا۔