مریم نواز نے سرکاری طیارے کے نجی استعمال کے اخراجات ادا کردیئے

وزیراعلیٰ پنجاب نے حال ہی میں اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کیلئے برطانیہ کا سفر کیا تھا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 ستمبر 2026 14:02

مریم نواز نے سرکاری طیارے کے نجی استعمال کے اخراجات ادا کردیئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر 2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لندن کے نجی دورے کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات ادا کردیئے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ان کے حالیہ لندن کے نجی دورے کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صحافی اور تجزیہ کار سید عمران شفقت نے پنجاب کے سرکاری طیارے کے نجی استعمال سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب طیارے کے استعمال کا پہلا سرکاری چالان مریم نواز کے نام 14 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا، جس کی کل رقم 2 کروڑ 93 لاکھ 65 ہزار 976 روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم اس چالان کے اجراء کے بعد ایک ہی دن میں دو مرتبہ رقم میں ردوبدل کیا گیا اور باقاعدہ طور پر مریم نواز کو ترمیمی خطوط بھی ارسال کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سید عمران شفقت نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ پہلے چالان کے بعد جاری کیے جانے والے دوسرے چالان میں رقم کم کر کے 2 کروڑ 80 لاکھ 37 ہزار 844 روپے کر دی گئی، اس کے بعد ایک اور ترمیم کے تحت تیسرا چالان جاری کیا گیا جس میں سرکاری طیارے کے نجی استعمال کا کل خرچ مزید کم کرکے 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے درج کیا گیا۔