روس کے انتخابات میں صدرپیوٹن کی جماعت کو واضح برتری حاصل

یونائیٹڈ رشیا کے امیدوار 225 میں سے 208 براہ راست حلقوں میں بھی آگے ہیں. رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 ستمبر 2026 22:57

روس کے انتخابات میں صدرپیوٹن کی جماعت کو واضح برتری حاصل
ماسکو(اردوپوا ئنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 ستمبر ۔2026 ) روس میں پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں صدر ولایمرپیوٹن کی جماعت یونائیٹڈ رشیا کو واضح برتری حاصل ہے روس کے مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق ڈوما (روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں) الیکشن کے ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق 71.17 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک یونائیٹڈ رشیا نے 57.53 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں.

یونائیٹڈ رشیا کے امیدوار 225 میں سے 208 براہ راست حلقوں میں بھی آگے ہیں اور ابتدائی نتائج کے مطابق یونائیٹڈ رشیا روسی پارلیمنٹ کی ایوان زیریں میں آئینی اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، جس کے لیے 301 نشستیں درکار ہیں.

(جاری ہے)

ابتدائی نتائج کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف دی رشین فیڈریشن 14 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے 8.73 فیصد، نیو پیپل پارٹی نے7.97 فیصد اور اے جسٹ رشیا پارٹی نے 5.03 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں .

ایوان زیریں کی 450 نشستوں میں سے 225 کا انتخاب پارٹی فہرستوں جب کہ باقی 225 کا انتخاب براہ راست حلقوں سے کیا جاتا ہے یوکرین کے ساتھ جنگ کے دوران ہونے والے یہ روس کے پہلے پارلیمانی انتخابات ہیں اور انتخابات کے دوران بھی یوکرین نے حملے جاری رکھے جسے روس نے انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے. واضح رہے کہ 2022ءمیں یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد یہ روسی پارلیمان کے پہلے انتخابات ہیں ناقدین کا کہنا ہے کہ کریملن انتخابی نتائج کو ممکنہ طور پر صدر پیوٹن کی پالیسیوں اور یوکرین جنگ کے لیے عوامی حمایت کے ثبوت کے طور پر پیش کرے گا.

ادھر عالمی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ روس کے انتخابات سے یوکرین کے صدر زلنسیکی پر دباﺅ بڑھے گاجو جنگ کا بہانہ بناکر2024سے اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے کے باوجود انتخابات کروانے سے گریزاں ہیں‘ان کا کہنا ہے کہ روسی انتخابات کے بعد عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ یوکرینی صدرکو انتخابات کروانے پر آمادہ کریں.