بمراہ اور ہاردک پانڈیا ورلڈ کپ 2027ء کھیلیں گے یا نہیں؟ گوتم گمبھیر کا دوٹوک جواب

آپ نامکمل تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ میں نہیں جا سکتے کیونکہ ورلڈ کپ میں کوئی اگر مگر نہیں چلتا : ہیڈ کوچ بھارتی ٹیم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 26 ستمبر 2026 11:40

بمراہ اور ہاردک پانڈیا ورلڈ کپ 2027ء کھیلیں گے یا نہیں؟ گوتم گمبھیر کا ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 ستمبر 2026ء ) بھارت کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے ورلڈ کپ 2027ء سے قبل ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کی فٹنس پر دوٹوک جواب دے دیا ہے۔ 
بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے پانڈیا اور بمراہ کی فٹنس پر مناسب وقت حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کھلاڑی مکمل تیاری کے بغیر ٹورنامنٹ میں شرکت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

 
پانڈیا پٹھے کے کھنچاؤ کی وجہ سے رواں سال آئی پی ایل 2026ء کے بعد سے کرکٹ سے دور ہیں جبکہ بمراہ حال ہی میں بائیں گھنٹے کے مسائل کے باعث سری لنکا کے خلاف بھارت کی ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ 
آل راؤنڈر کو اب اکتوبر میں آسٹریلیا اے کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ بمراہ کا ایشین گیمز 2026ء میں بھارتی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

 
جیو ہاٹ اسٹار پر انٹرویو کے دوران گمبھیر نے کہا کہ چاہے ہاردک ہوں یا جسپریت بمراہ، وہ [جنوبی] افریقہ میں ہمارے لیے انتہائی اہم ثابت ہوں گے۔ 
گمبھیر نے پانڈیا کی آل راؤنڈ اہمیت، خاص طور پر بلے اور گیند دونوں کے ساتھ کارکردگی دکھانے کی ان کی صلاحیت کو اجاگر کیا اور نشاندہی کی کہ آئی پی ایل کے بعد محدود کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے اس آل راؤنڈر کو مزید ‘گیم ٹائم’ کی ضرورت ہے۔

 
انہوں نے کہا کہ بہت کم ٹیموں کے پاس ہاردک جیسے کھلاڑی ہوتے ہیں جو دس اوورز بھی کروا سکیں اور نمبر 6 یا نمبر 7 پر بیٹنگ کرتے ہوئے رنز بھی بنا سکیں۔ 
گوتم گمبھیر نے کہا کہ لہٰذا ہماری توجہ خاص طور پر ہاردک پر ہے اگر ہم 50 اوورز کی کرکٹ کی بات کریں اور انہیں کھلانا چاہیں تو ہو سکتا ہے کہ وہ مطلوبہ میچ پریکٹس سے محروم ہوں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ تھوڑی بہت ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلیں اور پھر ون ڈے کرکٹ کی طرف آئیں تو بہتر ہوگا کیونکہ ورلڈ کپ میں جانے سے پہلے کھیل کا وقت انتہائی اہم ہوگا آپ نامکمل تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ میں نہیں جا سکتے ، ورلڈ کپ میں کوئی اگر مگر نہیں چلتا۔