پاک آئی ڈی ایپ کا دائرہ کار وسیع، پاسپورٹ اور سائبر کرائم سروسز شامل،وزیراعظم کے باضابطہ اعلان کے بعد سہولیات کو فعال کیا جائے گا ، ترجمان نادر ا

منگل 29 ستمبر 2026 11:42

پاک آئی ڈی ایپ کا دائرہ کار وسیع، پاسپورٹ اور سائبر کرائم سروسز شامل،وزیراعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2026ء) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے اپنی موبائل ایپلی کیشن ’’پاک آئی ڈی‘‘ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے اس میں آن لائن پاسپورٹ، ایف آئی اے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے متعلق خدمات شامل کر دی ہیں، جن کا جلد باضابطہ آغاز کر دیا جائے گا۔

نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شبہات علی کے مطابق نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن میں پاسپورٹ سروس کا آپشن شامل کر دیا گیا ہے۔وزیراعظم پاکستان کے باضابطہ اعلان کے بعد یہ سہولت مکمل طور پر فعال ہو جائے گی، جس کے بعد شہری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے ہی پاسپورٹ کے لیے باآسانی آن لائن درخواست جمع کروا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایپ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی سروسز کو بھی مربوط کیا گیا ہے۔

شہری اب سائبر کرائم، مالیاتی فراڈ اور دیگر جرائم سے متعلق شکایات یا درخواستیں بھی براہِ راست پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے درج کرا سکیں گے۔سید شبہات علی نے کہا کہ پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات کا دائرہ کار اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک مسلسل وسیع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پاکستان کا ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند غیر ملکی اور سمندر پار مقیم افراد بھی اسی پلیٹ فارم کے ذریعے ویزا درخواستیں دے سکیں گے۔