مذاکرات سے گریز نہیں مگر بات چیت سنجیدہ ہو، عمران خان کی رہائی کا فورم عدالت ہے، اعظم نذیر تارڑ

عمران خان کا طبی معائنہ بڑے سینئرز ڈاکٹرز نے کیا، یہ طے کرنا تھا کہ خان صاحب کی زندگی کو کوئی خطرہ تو لاحق نہیں، کوئی کمی بیشی تھی تو وہ عدالتوں کو دیکھنی چاہئے؛ وفاقی وزیر قانون کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 ستمبر 2026 12:33

مذاکرات سے گریز نہیں مگر بات چیت سنجیدہ ہو، عمران خان کی رہائی کا فورم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر 2026ء) وفاقی وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا طبی معائنہ مکمل ہو چکا، ان کی ہمشیرہ نے خود تصدیق کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی تمام تر لحاظ سے بالکل صحتمند اور تندرست ہیں، قیدی کی رہائی کا فورم حکومت نہیں بلکہ عدالتیں ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ ملک کے سینئر ترین ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ نے کیا، جس میں یہ طے کرنا تھا کہ ان کی زندگی کو کوئی خطرہ تو لاحق نہیں، عمران خان کی ہمشیرہ جو خود اس میڈیکل بورڈ کے عمل کا حصہ تھیں، انہوں نے خود میڈیا پر آ کر کہا کہ بانی پی ٹی آئی تندرست اور صحتمند ہیں، اگر اب بھی کوئی قانونی کمی بیشی ہے تو وہ معاملہ عدالتوں نے دیکھنا ہے، اسلام آباد پر چڑھائی اور جلسے جلوسوں سے یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

اعظم نذیر تارڑ نے عام شہریوں سے سوال کیا کہ شہری خود بتائیں کہ تحریکِ انصاف نے جس طرح بار بار دارالحکومت اور پنجاب پر چڑھائی کی، کیا وہ طریقہ درست تھا؟ اگر تحریکِ انصاف کا یہ رویہ ٹھیک ہے تو پھر حکومت کو بھی پرے بیٹھ جانا چاہیے، ملک میں ایک آئینی، قانونی اور عدالتی میکنزم موجود ہے، پارلیمنٹ میں قانون سازی پر سیر حاصل بحث ہوتی ہے، حکومت سنجیدہ گفتگو اور مذاکرات سے کبھی منکر نہیں رہی لیکن قیدیوں کی رہائی کے فیصلے عدالتوں سے ہوتے ہیں، شہروں کو یرغمال بنا کر اپنے مطالبات نہیں منوائے جا سکتے۔

وکلاء ڈگریوں اور بار کونسل کے الیکشنز کے تنازع پر بات کرتے ہوئے وزیرِ قانون نے سخت مؤقف اپنایا اور کہا کہ بار کونسلز کے الیکشنز اور وکلاء کا نظام ان کا اپنا اندرونی معاملہ ہے، کسی سیاسی رہنما یا حکومت کو اس پر فتویٰ دینے کا کوئی حق حاصل نہیں، رہی بات ڈگریوں کی تو 2020ء میں میرے سمیت تمام وکلاء کی ڈگریاں پاکستان بار کونسل سے تصدیق شدہ ہیں اور ان کا تمام ریکارڈ موجود ہے، جن لوگوں کے پاس ادھوری معلومات ہیں وہ جا کر ریکارڈ دیکھ لیں اور جنہوں نے غلط الزامات لگائے ہیں وہ یا تو معافی مانگیں یا پھر قانون کے مطابق جرمانہ ادا کریں۔