پاکستان کی مری بریوری نے تقریباً 50 سال بعد شراب کی برآمدات دوبارہ شروع کردیں

برطانیہ، جاپان، پرتگال اور تھائی لینڈ کو بیئر اور دیگر الکوحل مشروبات کی ترسیل، حکومتی اجازت کے بعد اوآئی سی سے باہر ممالک کیلئے بھی برآمدات کی راہ ہموار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 29 ستمبر 2026 23:49

پاکستان کی مری بریوری نے تقریباً 50 سال بعد شراب کی برآمدات دوبارہ شروع ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 29 ستمبر 2026ء ) پاکستان کی معروف اور قدیم مشروب ساز کمپنی مری بریوری نے تقریباً پانچ دہائیوں کے بعد الکوحل مشروبات کی بیرون ملک برآمدات دوبارہ شروع کردی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مری بریوری نے برطانیہ، جاپان، پرتگال اور تھائی لینڈ سمیت متعدد ممالک کو بیئر اور دیگر الکوحل مشروبات کی ترسیل شروع کی ہے۔

کمپنی کے ایکسپورٹ منیجر رمیز شاہ نے بتایا کہ اپریل کے دوران مذکورہ ممالک کو الکوحل مشروبات برآمد کیے گئے۔
مری بریوری کو 2025 میں حکومت پاکستان کی جانب سے الکوحل مصنوعات ان ممالک کو برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی جو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا حصہ نہیں ہیں۔ اس سے قبل کمپنی کئی برسوں سے جوس، منرل واٹر اور بغیر الکوحل کے مالٹ مشروبات سمیت دیگر مصنوعات بیرون ملک برآمد کرتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق پاکستان میں 1977 کے بعد الکوحل سے متعلق سخت پابندیوں کے نتیجے میں مری بریوری کی بیرون ملک الکوحل مصنوعات کی فروخت بھی بند ہوگئی تھی۔ نئی اجازت کے بعد کمپنی نے تقریباً 50 سال بعد ایک بار پھر عالمی مارکیٹ میں اپنی الکوحل مصنوعات متعارف کرانا شروع کردی ہیں۔
مری بریوری کے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں بیرون ملک تقسیم کاروں اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو مضبوط کیا جارہا ہے، جس کے بعد برآمدات کے حجم میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے برآمدی پالیسی میں یہ تبدیلی ایسے وقت میں کی گئی جب پاکستان کو زرمبادلہ کے نئے ذرائع کی ضرورت ہے۔ اس اقدام کے بعد مری بریوری کیلئے غیر او آئی سی ممالک کی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوگئی ہے۔
مری بریوری پاکستان کی قدیم ترین صنعتی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ کمپنی کا قیام برطانوی دور میں 1860 کی دہائی میں عمل میں آیا تھا اور اس کا مرکزی پیداواری یونٹ راولپنڈی میں قائم ہے۔