ڈی ایم زیڈ بارودی سرنگ دھماکا، شمالی کوریا نے تحقیقات مسترد کر دیں، اقوام متحدہ کا جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا اعلان

بدھ 30 ستمبر 2026 09:32

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی اس تحقیقات کو مسترد کر دیا ہے جس میں گزشتہ ہفتے غیر فوجی علاقے (ڈی ایم زیڈ) میں بارودی سرنگ کے دھماکے کا ذمہ دار پیانگ یانگ کو قرار دیا گیا تھا، جبکہ اقوام متحدہ کمانڈ نے واقعے کو کوریائی جنگ کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔رائٹرز کے مطابقشمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ نے جنوبی کوریا پر واقعے سے متعلق شواہد گھڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کو ’’ڈرامہ‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے فوجی دونوں کوریاؤں کو تقسیم کرنے والی سرحد عبور نہیں کر رہے۔جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کانگ شن چول نے منگل کو کہا تھا کہ دھماکا شمالی کوریا کی نصب کردہ بارودی سرنگوں کے باعث ہوا اور سیئول اس کے جواب میں مناسب اقدامات کرے گا۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے سرحدی علاقے کو مضبوط بنانے کے لیے بارودی سرنگیں بچھائے جانے کا امکان ہے۔

جنوبی کوریا اور کوریائی جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کرنے والی اقوام متحدہ کمانڈ نے 21 ستمبر کو ہونے والے دھماکے کی مشترکہ تحقیقات کیں، جس میں جنوبی کوریا کے 3 اہلکار زخمی ہوئے تھے، جن میں 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔اقوام متحدہ کمانڈ نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فوجی حد بندی لائن کے جنوبی کوریا کی جانب ایک اور فعال شمالی کوریائی اینٹی پرسنل بارودی سرنگ کی نشاندہی کی۔

کمانڈ کے مطابق تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر یہ طے کیا گیا کہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور معاملے کو طے شدہ جنگ بندی کے طریقہ کار کے تحت اٹھایا جا رہا ہے۔کم یو جونگ نے جنوبی کوریا کی جانب سے ’’مادی ثبوت‘‘ گھڑنے کی کوشش کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور شمالی کوریا کے فوجیوں کے سرحدی لائن عبور کرنے کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے سرحدی رکاوٹیں تعمیر کرنے کا عمل خودمختاری کے تحفظ سے متعلق ہے اور اس کا کوئی فوجی مقصد نہیں۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا جنوبی کوریا کو دوبارہ اتحاد کے ممکنہ شراکت دار کے بجائے الگ اور دشمن ریاست قرار دینے کے بعد سرحد پر بڑے پیمانے پر رکاوٹیں، سڑکیں اور بارودی سرنگیں بچھانے سمیت دفاعی تنصیبات کو مضبوط بنا رہا ہے۔