پاکستان ویمنز انڈر 19 نے سری لنکاکو پانچ وکٹوں سے شکست دے کرٹرائی نیشن سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

ہفتہ 3 اکتوبر 2026 17:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2026ء) پاکستان ویمنز انڈر 19 نے کومل خان کی شاندار نصف سنچری اور ماہ نور زیب کی عمدہ باولنگ کی بدولت سری لنکا ویمنز انڈر 19 کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ویمنز انڈر 19 ٹی20 ٹرائی نیشن سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔

نیتھمی اوپیکشا 39 اور وموکشا بالاسوریا 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ پرامودی میتھسارا نے 20 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کی فاسٹ باولر ماہ نور زیب نے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، مومینہ خالد نے 18 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ شاہِر بانو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

125 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

کومل خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 50 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔ کومل خان اور زوفیشان ایاز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 74 رنز جوڑ کر پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ زوفیشان ایاز نے 41 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔کومل خان کے 79 کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہونے کے بعد سری لنکن باولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں، تاہم پاکستانی بیٹرز مطلوبہ رن ریٹ سے آگے رہیں۔

کپتان فضا فیاض نے 14 گیندوں پر 13 رنز بنائے جبکہ زوفیشان ایاز 19ویں اوور میں اس وقت آوٹ ہوئیں جب پاکستان کو جیت کے لیے 12 رنز درکار تھے۔شاہِر بانو نے صرف چار گیندوں پر ناقابل شکست 11 رنز بنا کر پاکستان کو ایک اوور قبل کامیابی دلا دی، ان کی اننگز میں ایک چھکا بھی شامل تھا۔کومل خان کو شاندار نصف سنچری پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں 30 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد قومی انڈر 19 ٹیم نے دو میچوں میں ایک کامیابی حاصل کرلی ہے۔سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے 5 اکتوبر کو ہوگا، جبکہ تمام میچز فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ہیں۔