وزیرِاعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے بیان پر علی امین گنڈاپورکا مبینہ آڈیو پیغام لیک

جمعہ 9 اکتوبر 2026 17:33

وزیرِاعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے بیان پر علی امین گنڈاپورکا مبینہ آڈیو ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2026ء) وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کے بیان پر سابق وزیرِ اعلی علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام لیک ہو گیا، سابق وزیرِاعلیٰ کے ترجمان فراز مغل نے آڈیو کے درست ہونے کی تصدیق کر دی۔علی امین گنڈاپور نے آڈیو پیغام میں وزیرِ اعلی سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈ اِن چائنا ٹیپو سلطان صاحب! اپنی زبان کو لگام دو، اس طرح کی فضول باتیں مت کیا کرو، بکواس بند کرو، ورنہ بے نقاب کردوں گا کہ تم کیسے آئے، کس شرط پر آئے اور تمہیں کون لایا ہی علی امین گنڈاپور نے الزام لگایا کہ سہیل آفریدی نے 26 نومبر 2025 کو دھاوا بولنا تھا لیکن ایسا نہیں کیا کیونکہ وہ وہاں معاملات طے کر کے انتظامی طور پر قابو میں آ گئے تھے، سہیل آفریدی نے معاملات طے کر کے ڈیل کی تھی۔

(جاری ہے)

سابق وزیرِاعلیٰ نے الزام عائد کیا ہے کہ بانی تحریکِ انصاف کی ملاقاتیں سہیل آفریدی نے بند کروائیں۔انہوں نے بشریٰ بی بی کے پیغامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کو لانے والے شخص کو بھی پیغامات بھیجے گئے ہیں اور اس شخص نے سہیل آفریدی کو ان کے طرزِعمل سے متعلق پیغامات کیے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ بشری بی بی سے ان کی بیٹی کی ملاقاتیں بھی سہیل آفریدی نے بند کروائیں۔

علی امین گنڈا پور کا آڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ سہیل آفریدی نے معاملات پہلے سے طے کیے ہوئے تھے، اگر میں نے ریکارڈ نکال کر بات کی تو سہیل آفریدی منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ سہیل آفریدی اپنی حدود میں رہیں اور اپنی اوقات سے باہر نہ نکلیں۔علی امین گنڈا پور نے آڈیو پیغام میں سہیل آفریدی کو فکس میچ کے بچے کہتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ بشریٰ بی بی کو چھوڑ کر وہاں سے بھاگ گئے تھے۔انہوں نے سہیل آفریدی کو مخاطب ہو کر آخر میں کہا کہ فضول باتوں سے گریز کرو، شرم بھی نہیں آتی، میں تمہیں تنبیہ کر رہا ہوں۔