پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈرسٹڈیز کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی پر آگاہی سیمینارکا انعقاد

یونیورسٹی کمیونٹی کے لیے موقع پر ہی ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کرنے پر سٹی ٹریفک پولیس کی کاوشوں کو سراہاگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 9 اکتوبر 2026 18:02

پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈرسٹڈیز کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی پر آگاہی سیمینارکا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اکتوبر ۔2026 ) پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈرسٹڈیز کے زیر اہتمام سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے اشتراک سے ”روڈ سیفٹی اور شہری ذمہ داریاں“ کے موضوع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا،جس کا مقصد طلبہ اوراساتذہ میں ٹریفک قوانین، سڑکوں پر تحفظ، ذمہ دارانہ طرزعمل، پیدل چلنے والوں کی حفاظت اور شہری ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا.

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف بیہیوریل اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر، انچارج ایجوکیشن ونگ سٹی ٹریفک پولیس انسپکٹر فہمیدہ ذیشان،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عزیر، اساتذہ، ٹریفک پولیس کے افسران اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکرنے آگاہی سیشن کے انعقاد اور یونیورسٹی کمیونٹی کے لیے موقع پر ہی ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کرنے پر سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی کاوشوں کو سراہا.

انہوں نے ذمہ دار شہری ہونے، تحفظ کے حوالے سے آگاہی اور معاشرتی بہبود کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں اور سرکاری شعبوں کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا فہمیدہ ذیشان نے شرکاءکو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ کی جانب سے کیے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا. انہوں نے بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے،طالبات کی نقل و حرکت، خواتین کے لیے سڑکوں پر تحفظ اور سڑکوں پر اخلاقی و ذمہ دارانہ رویے کی اہمیت پر زور دیا انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے باشعور اور پراعتماد روڈ یوزرز بنیں اور معاشرے میں تحفظ اور شہری ذمہ داری کے کلچر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں.

تقریب میں یونیورسٹی کمیونٹی کے لیے سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی لائسنسنگ وین شعبہ جینڈرسٹڈیز میں موقع پر موجود رہی، جہاں نئے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور لائسنس سے متعلق دیگر خدمات کی سہولت فراہم کی گئی.