چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاؤالدین کے وفد کی ملاقات

جمعہ 9 اکتوبر 2026 17:23

چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاؤالدین کے وفد کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2026ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاؤالدین کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت چیئر مین چیمبر پیر سید حیدر رضا نقوی کر رہے تھے۔پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں منڈی بہاؤالدین میں پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام، صنعتکاروں کے مسائل اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

وفد میں صدر منڈی بہاؤالدین چیمبر دیوان معیذاللہ، وائس چیئرمین میاں امجد فاروق،سینئر نائب صدر محسن رضا گوندل اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ صوبائی وزیر نے ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاؤالدین کے نو منتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ منڈی بہاؤالدین میں 54ایکڑ رقبے پر پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی گئی ہے جس کا 10اکتوبر کو افتتاح ہوگا۔

(جاری ہے)

منڈی بہاؤالدین میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا مسئلہ گزشتہ 10سالوں سے اٹکا ہوا تھا،موجودہ حکومت نے یہاں پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کو ممکن بنایا ہے۔اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتی یونٹ لگانے کی غرض سے پلاٹ کے حصول کیلئے آن لائن اپلائی کیا جاسکتا ہے اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں اوور سیز پاکستانیز کیلئے 20فیصد کوٹہ مختص ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت نے صوبے میں مؤثر حکمت عملی کے ذریعے صنعتکاری کا عمل تیز کیا ہے۔

صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔صنعتکاروں کے مطالبے اور انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق صوبے میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔وفد نے منڈی بہاؤالدین میں پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام پر چوہدری شافع حسین کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :