الطاف حسین کا سراج الحق کوٹیلی فون ،یمن کی صورتحال پرتبادلہ خیال، پاکستان اور ترکی کو ثالث کا کردار ادا کرنا چاہئے ، پاکستان مسئلہ کا حصہ بننے کی بجائے آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرے،سراج الحق

پیر 30 مارچ 2015 09:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مارچ۔2015ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ رات منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو فون کرکے یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔امیر جماعت انہیں جماعت کے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کو ثالث کا کردار ادا کرنا چاہئے ، پاکستان مسئلہ کا حصہ بننے کی بجائے آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرے ۔

(جاری ہے)

حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری پوری امت مسلمہ کی ہے ۔خلیج جنگ کا فائدہ امریکہ اور اسرائیل جبکہ نقصان پورے عالم اسلام کو ہوگا۔امریکہ ایک بار پھر خلیج کو میدان جنگ بنا کر امت کے اتحاد اور یکجہتی سے کھیلنے کے مکروہ منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور اپنا اسلحہ فروخت کرنے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان جنگ چھیڑنا چاہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ عالم اسلام دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہوجائے اور جنگ و جدل کے بجائے مل بیٹھ کر افہام وتفہیم سے مسئلے کا حل نکالے ۔