پاسپورٹ کے حصول کو آسان بنانے کیلئے 15شہروں میں ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس بنا رہے ہیں، عثمان اختر باجوہ ، نادرا اور نجی سیکٹر کے ساتھ باہمی اشتراک سے چلایا جائیگا، پاسپورٹ کی تجدید کیلئے آ ن لائن سسٹم متعارف کرا دیاہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے 80فارن مشنز میں بھی آ ن لائن سسٹم فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، اب تک 42ممالک میں یہ سہولت فراہم کی جاچکی ہے،500نئے ملازمین بھرتی کر رہے ہیں جنہیں ملک بھرمیں آئندہ قائم سہولتی دفاتر میں تعینات کیا جائیگا،ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی این اے قائمہ کمیٹی حکومتی یقین دہانیوں کو بریفنگ ،سی ڈی اے کی طرف سے سیکٹر ای 12کی ڈویلپمنٹ کے متعلق بریفنگ اگلے اجلاس تک موخر

بدھ 6 جنوری 2016 09:08

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6جنوری۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن عثمان اختر باجوہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کو بتایا ہے کہ پاسپورٹ کے حصول کو آسان بنانے کیلئے 15شہروں میں ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس بنا رہے ہیں جنہیں نادرا اور نجی سیکٹر کے ساتھ باہمی اشتراک سے چلایا جائیگاجبکہ پاسپورٹ کی تجدید کیلئے آ ن لائن سسٹم متعارف کرا دیاہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے 80فارن مشنز میں بھی آ ن لائن سسٹم فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اب تک 42ممالک میں یہ سہولت فراہم کی جاچکی ہے،500نئے ملازمین بھرتی کر رہے ہیں جنہیں ملک بھرمیں آئندہ قائم کیے جانے والے سہولتی دفاتر میں تعینات کیا جائیگا۔

کمیٹی کا اجلاس چیرمین محمد افضل کھوکھر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاوس کے کمیٹی روم نمبر 7میں ہوا جس میں اراکین کمیٹی علی محمد ، چوہدری منیر اظہر، مراد سعید اور شیر اکبر خان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی محمد کی طرف سے قومی اسمبلی میں پاسپورٹ دفاتر میں ایجنڈوں اور افسران کی شکل میں پائے جانیوالے مافیا کے حوالے سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں بریفنگ دیتے ہوے ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن عثمان اختر باجوہ نے بتایا کہ ملک بھر میں قائم پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کو ممکنہ سہولیتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں تمام دفاتر میں افسران کی کارکردگی اور صارفین کو دی گئی سہولتوں کو مانیٹر کیا جاتا ہے کئی شہروں میں ایجنڈوں اور غیر قانونی سرگرمیوں مین ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔

پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات یا شکایات جاننے کیلئے گزشتہ سال اکتوبر میں ایس ایم ایس سروس متعارف کرائی گئی جس کے ذریعے اب تک 3127595درخواست گزاروں نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میں 95دفاتر ہیں جہاں شہریوں کو بروقت پاسپورٹ کے اجراء کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں چھوٹے شہروں میں مزید 73دفاتر بنائے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو پاسپورٹ کے حصول کیلئے بڑے شہروں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں 15بڑے شہرہیں جہاں پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواستیں موصول ہوتی ہیں ان شہروں میں ایگزیکٹو پاسپورٹ دفاتر قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ان شہروں میں نادرا اور نجی سیکٹرکے اشتراک سے ان دفاتر کو چلایا جائیگا فروری میں پہلا ایگزیکٹو پاسپورٹ دفتر قائم کر دیا جائیگا۔انہوں نے رکن کمیٹی علی محمد کے سوال کے جواب میں بتایا کہ ملک بھر میں لوگوں کو سہولیتیں فراہم کرنے کیلئے سہولتی دفاتر بھی قائم کیے جارہے ہیں ان دفاتر میں کام کرنے کیلئے مزید 500ملازمین بھرتی کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ کی تجدید کیلئے پہلے شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے اب ہم نے آ ن لائن سسٹم متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے شہری گھر پر ہی تجدید شدہ نیا پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے یہ سہولت ملک کے مختلف دفاتر میں مارچ سے شروع ہوجائیگی۔اجلاس میں سی ڈی اے کی طرف سے سیکٹر ای 12کی ڈویلپمنٹ کے متعلق بریفنگ کیلئے سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ شاہد سہیل سمیت دیگر افسران موجود تھے تاہم کمیٹی کے اراکین کی اجلاس میں عدم شرکت کے باعث بریفنگ کو اگلے اجلاس تک موخر کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :