لاہور میں آگ سے جھلس کر ہلاک پانچ بچوں کے قتل کامعمہ حل ،سنگ دل ظالم میں ماں نے خاوند سے جھگڑ کر لخت جگروں کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی، ملزمہ فیصل آباد سے گرفتار

بدھ 10 فروری 2016 10:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2016ء) لاہور میں آگ سے جھلس کر ہلاک ہونے والے پانچ بچوں کے قتل کامعمہ حل ہوگیا۔ سنگ دل ظالم میں ماں نے خاوند سے جھگڑ کر اپنے لخت جگروں کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی پولیس نے ملزمہ صدف عرف ثمینہ کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق چند روز قبل لاہور کے علاقہ سبزہ زار میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے والی منزل میں فیصل آباد کے رہائش پذیر طارق شہباز جو ہوزری کا کام کرتا تھا کے پانچ کم سن بچے جن میں چار بیٹے اور ایک بیٹی شامل تھی بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

بعد ازاں فیصل آباد کے علاقہ نثار کالونی میں پانچوں بچوں کی نماز جنازہ اداکی گئی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق طارق شہباز کا تعلق فیصل آباد کی نثار کالونی سے تھا اور وہ ہوزری کا کاریگر تھا چنانچہ وہ اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ لاہور کے سبزہ زار میں رہائش پذیر ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بجلی کے شارٹ سرکٹ اور سلنڈر پھٹنے کے واقعہ کے بعد پولیس نے تفتیش کی کہ اچانک انکشاف ہوا کہ پانچوں بچوں کو جان بوجھ کر پیٹرول چھڑک کرہلاک کیا گیا ہے اور قتل کے بعد بچوں کی والدہ ملزمہ صدف عرف ثمینہ نے اس واقعہ کو بجلی کا شارٹ سرکٹ ہونے کا ڈرامہ رچایا مگر ملزمہ کے خاوند طارق شہباز نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بیوی کے ساتھ اسی روز جھگڑا ہوا تھا اور اسی جھگڑے کی بنا پر بچوں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی گئی پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق بچوں کی اموات بجلی کے شارٹ سرکٹ سے نہیں بلکہ پیٹرول سے اموات واقعہ ہوئیں چنانچہ لاہور پولیس نے اچانک نثار کالونی میں چھاپہ مار کر بچوں کی سنگ دل والدہ صدف عرف ثمینہ کو گرفتار کرکے لاہور لے گئی۔