حج کے بعد رائیونڈ اجتماع دنیا کا سب سے بڑا اجتماع ہے، شریف برادران کا پابندی کا فعل غیر اسلامی ہے: پرویزالٰہی ،تبلیغی جماعت پر پابندی اسلام دشمنی ہے، امریکہ، روس، بھارت سمیت دنیا میں کہیں پابندی نہیں، نوازشریف نے مودی کو خوش کرنے کیلئے پابندی لگائی ،تبلیغی جماعت خالص دینی جماعت ہے، فرقہ واریت، سیاسی دھڑے سے بالاتر یہ امن و بھائی چارے کا پیغام پاکستان سمیت پوری دنیا میں پھیلا رہی ہے: میڈیا سے گفتگو

بدھ 10 فروری 2016 10:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائے ونڈ تبلیغی اجتماع حج کے بعد دنیا کا سب سے بڑا مسلمانوں کا اجتماع ہے اس جماعت کی تعلیمی اداروں میں پابندی کو کوئی نہیں مانتا، امریکہ، روس، ہندوستان سمیت کسی ملک نے تبلیغی جماعتوں پر پابندی نہیں لگائی، نوازشریف نے مودی سرکار کو خوش کرنے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تبلیغی جماعتوں کا کام اسلام اور امن کا فروغ ہے، لہٰذا شریف برادران کے اس غیر اسلامی فعل کی ہر مسلمان مذمت کرتا ہے، دین کی تبلیغ کا کام کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام نہ صرف پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کی حق تلفی ہے بلکہ اسلام دشمن کی ایک سازش نظر آتی ہے، تبلیغی جماعت ایک خالص دینی جماعت ہے اور ہر قسم کی فرقہ بندی اور سیاسی دھڑے بندی سے بالاتر ہو کر خالص اللہ تعالیٰ کے حکم اللہ اور رسولﷺ کی سنت پر چلنے کی دعوت دیتی ہے، یہ جماعت امن و بھائی چارے کا پیغام نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں پھیلا رہی ہے، 9/11 کے بعد ہماری حکومت پر بھی کافی دباؤ آیا تھا لیکن ہم نے کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میرے دور میں نیشنل سکیورٹی کونسل میں اس جماعت کو محدود کرنے کی آواز اٹھی تو میں نے بحیثیت چیف منسٹر اس بات کی گارنٹی دی تھی کہ یہ جماعت بے ضرر ہے اور اس کا نیٹ ورک پوری دنیا میں ہے، اسی طرح جب رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع کی زمین کا توسیع کا معاملہ آیا تو میں نے تمام چھان بین کے بعد ان کو زمین الاٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعتوں پر پابندی کے خلاف ہم سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے۔