’مشرق وسطیٰ میں پناہ گزیوں کے بحران کا سبب امریکہ‘ہے ، جرمنی کا کرارا جواب

منگل 17 جنوری 2017 11:37

برلن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2017ء )جرمن وائس چانسلر، زِیکمار گابریئل، نے ٹرمپ کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بغیر سوچے سمجھے امریکی مداخلت نے ہی پناہ گزینوں کے بحران کو جنم دیا تھا۔انھوں نے امریکی منتخب صدر کے اس بیان پر بھی شدید نکتہ چینی کی جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ میکسیکو میں تیارکردہ جرمن کاروں کی امریکہ میں فروخت پر زیادہ محصول عائد کرے گا۔

جرمن کار ساز کمپنیوں، جیسے بی ایم ڈبلیو، فاکس ویگن اور ڈائملر، نے میکسیکو میں سرمایاکاری کر رکھی ہے کیونکہ وہاں پیداواری لاگت کم ہے۔گابریئل نے کہا کہ اگر امریکی اچھی کاریں بناتے تو امریکی شہری جرمن کاروں کے اس قدر دلدادہ نہ ہوتے۔ادھر جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر شٹائنمائر نے کہا ہے کہ امریکی منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نیٹو کو فرسودہ یا ناکارہ کہنے سے اتحاد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

نامزد امریکی وزیرِ دفاع جنرل جیمز میٹِس نے چند روز قبل سینیٹ کے سامنے توثیقی سماعت کے دوران نیٹو کو امریکی دفاع کے لیے مرکزی قرار دیا تھا۔شٹائنمائر کا کہنا تھا کہ کچھ دیر قبل ان کی نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے بات ہوئی تھی جنھوں نے ٹرمپ کے بیان پر تشویش ظاہر کی ہے۔ٹرمپ نے کہا تھا کہ مغربی فوجی اتحاد نیٹو کے اٹھائیس ارکان میں سے زیادہ تر اپنے بقایاجات ادا نہیں کرتے۔

متعلقہ عنوان :