فلسطینی عوام کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے، ترک وزیر اعظم

منگل 12 دسمبر 2017 17:29

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 12 دسمبر 2017ء) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کافی سنگین ہے جو نہ صرف خطے کے امن و امان بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے، اس مسئلے پر عالمی برادری اور مسلم امہ مل کر کاروائی کریں۔

(جاری ہے)

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے ترک قومی اسمبلی کی جنرل کمیٹی میں 2018 کے مرکزی بجٹ قانون مسودے پر بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلمان شاہ سائگی چیک پوسٹ کا مقام ترکی کی ملکیت ہے ،قلیل مدت کے لیے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر اس مقام کو خالی کرا لیا گیا تھا، شام میں حالات معمول پر آنے کے بعد یہ چیک پوسٹ اپنی خدمات کو دوبارہ شروع کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی میزبانی میں بدھ 13 دسمبر کو(آج) اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں حکومتی و مملکتی سربراہان کی ایک بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھاری نقصان برداشت کرنے والے فلسطینی عوام غیر قانونی اور تکبر پر مبنی فیصلے کے سامنے ہر گز تنہا نہیں ہیں ،ترکی آئندہ بھی فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔